وزیر توانائی حماد اظہر کا فیصل آباد ریجن میں لوڈشیڈنگ پر بڑا ایکشن ،سی ای او فیسکو کو عہدے سے ہٹا دیا

فیسکو غفلت ، جو آفیسر بھی اپنی ذمہ داری پوری کرنے میں غفلت برتے اسکے خلاف ایسا ہی ایکشن ہونا چاہیے،فرخ حبیب شدید بارشوں کے باعث ٹرپ ہونے والے فیصل آباد ریجن کے اکثر پاور فیڈرز بحال کر دیئے گئے ہیں، حماد اظہر

جمعہ 23 جولائی 2021 11:30

اسلام آباد /فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2021ء) وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے فیصل آباد ریجن میں لوڈشیڈنگ پر ایکشن لیتے ہوئے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی سفارش پر سی ای او فیسکو کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ۔ایک ٹویٹ میں حماد اظہر نے کہا کہ جمعہ تک قائمقام سی ای او فیسکو تعینات کردیا جائے گا۔ حماد اظہر نے کہا کہ عید کے روز خراب فیڈرز کی مرمت میں تاخیر برتنے پر انکوائری کرائی جائے گی۔

دوسری جانب وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ فیسکو غفلت کے باعث لوگوں نے کافی مشکل کا سامنا کیا ہے، جو آفیسر بھی اپنی ذمہ داری پوری کرنے میں غفلت برتے اسکے خلاف ایسا ہی ایکشن ہونا چاہئیے۔ وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ عوام کو بروقت رلیف دینا انکی ذمہ داری ہے ۔

(جاری ہے)

بعد ازاں وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے کہا کہ شدید بارشوں کے باعث فیصل آباد ریجن کے بعض پاور فیڈرز ٹرپ ہو گئے تھے جن میں سے اکثریت کو بحال کر دیا گیا ہے، جو فیڈرز ابھی تک فالٹ میں ہیں ان کو بھی اگلے ایک گھنٹے تک بحال کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ شدید بارشوں کے باعث بعض فیڈرز ٹرپ کرنیکی وجہ سے فیصل آباد ریجن متاثر ہوا تھا تاہم اکثر فیڈرز بحال ہو گئے ہیں۔ دریں اثنا وفاقی وزیر نے بجلی کے فیڈرز پر فالٹ دور کرنے کیلئے تمام عملے کو فوری حاضر ہونے کا حکم دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جو عملہ اور افسران عید کی چھٹیوں پر ہیں ان کو فوری حاضری یقینی بنانے کے احکامات دے رہے ہیں۔ عملہ کو شکایات دور کرنے اور املاک کے نقصانات کی بحالی کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کر دی گئی ہے۔