وزیر اعظم کی تاریخی بادشاہی مسجد کو محکمہ اوقاف سے لیکر والڈ سٹی اتھارٹی یا محکمہ سیاحت کو کنٹرول سونپنے کی ہدایت

بادشاہی مسجد تاریخی ورثہ ہے،اوقاف کے پاس اس کی دیکھ بھال کی استطاعت نہیں‘ وزیر اعظم کی اجلاس میں گفتگو

جمعہ 23 جولائی 2021 19:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2021ء) وزیر اعظم عمران خان نے تاریخی بادشاہی مسجد کو محکمہ اوقاف سے لے کر والڈ سٹی اتھارٹی یا محکمہ سیاحت کو کنٹرول سونپنے بارے احکامات جاری کئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان جو 12جولائی کو موسم کی خرابی کے باعث لاہور کے دورہ پر نہیں آسکے تھے ویڈیو لنک پر پنجاب کے مختلف محکموںسے متعلق اجلاس کی صدارت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثما ن بزدار،صوبائی وزراء اور سیکرٹریز سمیت دیگر اعلیٰ افسران بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے ۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اجلاس میں کہا کہ بادشاہی مسجد تاریخی ورثہ ہے،اوقاف کے پاس اس کی دیکھ بھال کی استطاعت نہیں، تاریخی مسجد کومحکمہ اوقاف سے لے کر کرسیاحت یا والڈ سٹی کے کنٹرول میں دیدیں۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے اجلاس میں محکمہ جنگلات کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میںابھی تک کوئی نیا جنگل یا درختوں کا بڑا پراجیکٹ شروع نہیں کیاگیا۔ محکمہ جنگلات نے بریفنگ میں بتایا کہ گزشتہ سال 10کروڑدرخت لگائے ہیں اور اب آئندہ سال بھی اتنے درخت لگائیں گے۔