کیچڑ ڈال کر رپورٹنگ کرنے والی جرمن خاتون رپورٹر کی معذرت

DW ڈی ڈبلیو ہفتہ 24 جولائی 2021 18:40

کیچڑ ڈال کر رپورٹنگ کرنے والی جرمن خاتون رپورٹر کی معذرت

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 24 جولائی 2021ء) خود پر کیچڑ ڈال کر رپورٹنگ کرنے والی خاتون کمپیئر کا نام سُوزانا اوہلین ہے۔ ان کا تعلق جرمنی کے پرائیوٹ ٹیلی وژن نیٹ ورک آر ٹی ایل گروپ سے ہے۔ اوہلین اپنے کپڑوں پر کیچڑ ڈال کر سیلاب سے شدید متاثرہ علاقے سے رپورٹ کر رہی تھیں تاکہ زمینی حقیقت کی سنگینی کو بیان کیا جا سکے۔

جرمنی میں سیلابی تباہی کے بعد نئی بحث

سوزانا اوہلین کی معذرت

اپنی معذرت پیش کرتے ہوئے اوہلین نے اسے ایک سنگین غلطی قرار دیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک صحافی کے طور پر ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔ اوہلین نے انسٹاگرام پر اپنی معذرت جاری کی۔

ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقے میں وہ بطور رضاکار امدادی سرگرمیوں میں شریک رہی تھیں اور یہ رپورٹ پیش کرتے وقت بقیہ امدادی کارکنوں کے سامنے صاف کپڑے پہننے پر انہیں احساسِ ندامت لاحق ہو گیا تھا۔

(جاری ہے)

اوہلین کا مزید کہنا تھا کہ یہ سب کچھ اسی احساسِ ندامت کے تحت ہوا اور انہوں نے اپنے کپڑوں پر کیچڑ ڈال کر رپورٹ پیش کی۔

ویڈیو فوٹیج میں ان کے چہرے پر بھی مٹی لگی دیکھی جا سکتی ہے۔

مبصرین کے مطابق خاتون رپورٹر نے شدید سیلابی کیفیت اور تباہی کا احوال بیان کرنے کے لیے اپنے کپڑوں پر کیچڑ ضرور ڈالا لیکن یہ حقیقت یا سچ کو تبدیل کرنے کی کوشش نہیں تھی بلکہ اصل شدت بیان کرنا مقصود تھا۔

جرمنی: سیلاب زدگان کے لیے مجموعی طور پر چار سو ملین کا امدادی پیکیج

جرمنی کی معروف کمپیئر

انتالیس سالہ اوہلین جرمن ٹیلی وژن پر 'گُڈ مارننگ جرمنی‘ کا مقبول پروگرام بھی پیش کرتی ہیں۔

وہ جرمن صوبے نارتھ رائن ویسٹ فالیا کے اُس شہر میں امدادی کاموں میں مصروف رہی تھیں جو سب سے زیادہ سیلاب سے تباہ و برباد ہوا ہے۔ اس شہر کا نام باد مؤنسٹرآئیفل ہے۔

ایک نامعلوم شخص کی طرف سے اپ لوڈ کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ کچرے اور ملبے میں کھڑی ہیں اور پھر چلتے ہوئے کیچڑ کے پاس پہنچ کر جھکتی ہیں اور گیلی مٹی اپنے کپڑوں پر ڈالتی ہیں۔

سوزانا اوہلین ایسا کرنے کی بظاہر کوئی مناسب وجہ بیان کرنے سے بھی قاصر رہی ہیں۔

ادارے کا ردعمل

جرمنی کے سب سے بڑے پرائیویٹ ٹیلی وژن چینل آر ٹی ایل نے خاتون رپورٹر کے اس اقدام پر باقاعدہ ایکشن لے لیا ہے۔ آر ٹی ایل کی انتظامیہ نے رپورٹر کا اقدام صحافیانہ اصولوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ آر ٹی ایل کے ادارے نے رپورٹر کے اس فعل کو مقرر کردہ قواعد اور معیارات کے منافی بھی کہا ہے۔

مغربی یورپ کے تباہ کن سیلاب: انتظامی کمزوریوں پر سوال

ادارے نے انہیں پیر سے فرائض سرانجام دینے سے روک دیا ہے۔ آرٹی ایل کی خاتون ترجمان کے مطابق اس صورت حال کے تناظر میں رپورٹر اور کمپیئر سوزانا اوہلین کو فی الوقت معطل کر دیا گیا ہے۔

ع ح ع آ (ڈی پی اے، ای پی ڈی)

متعلقہ عنوان :