وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ہیڈ آفس آمد، مون سون سیزن اور ممکنہ سیلاب کی مانیٹرنگ کیلئے قائم کنٹرول روم کا دورہ

موسم اور دریاؤں کی صورتحال کے حوالے سے جدید نظام کا مشاہدہ کیا،ڈیش بورڈ کا بھی جائزہ، موسم کی صورتحال کے بارے میں اپ ڈیٹ حاصل کی پی ڈی ایم اے ہمہ وقت چوکس رہے، موسم کی صورتحال، دریاؤں میں پانی کی آمد و اخراج کو تسلسل کیساتھ مانیٹر کیا جائے‘عثمان بزدار

پیر 26 جولائی 2021 18:41

وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ہیڈ آفس ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2021ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارپراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم ای) کے ہیڈ آفس گئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مون سون سیزن اور ممکنہ سیلاب کی صورتحال کی مانیٹرنگ کیلئے قائم کنٹرول روم کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کنٹرول روم کے ذریعے موسم اور دریاؤں کی صورتحال کے حوالے سے معلومات کے حصول کے جدید نظام کا مشاہدہ کیا اور موسم کی پیشگی اطلاعات کے سسٹم کا معائنہ کیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پی ڈی ایم اے کے ڈیش بورڈ کا بھی جائزہ لیا اور موسم کی صورتحال کے بارے میں اپ ڈیٹ حاصل کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت پی ڈی ایم اے کے ہیڈ آفس میں اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو مون سون سیزن اور ممکنہ سیلاب سے نمٹنے اور امدادی سرگرمیوں کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پی ڈی ایم اے کو ہمہ وقت چوکس رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ موسم کی صورتحال کے ساتھ دریاؤں میں پانی کی آمد و اخراج کو تسلسل کے ساتھ مانیٹر کیا جائے۔

پی ڈی ایم اے میں قائم کنٹرول روم صورتحال پرنظر رکھے۔ کسی بھی نا گہانی صورتحال میں متعلقہ محکمے اورادارے اپنا ہنگامی پلان بھی تیار رکھیں۔ متعلقہ وفاقی و صوبائی محکمو ں کے درمیان بہترین کوآرڈینیشن یقینی بنائی جائے اور اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے لئے تمام انتظامات جلد مکمل کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے لاہور میں بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کیلئے انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک بنانے کا کام شروع کیا ہے۔

لارنس روڈ پر انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک مکمل ہو چکا ہے جبکہ الحمرا کے قریب بننے والے انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک کا جلد سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ لاہور میں مزید 4 انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک بنائے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ پی ڈی ایم اے اپنے ویئر ہاؤسز میں ضروری آلات او رسامان کی دستیابی یقینی بنائے۔ ڈی واٹرنگ سیٹ فنکشنل رکھے جائیں۔

اضلاع میں سانپ کے کاٹنے کے علاج کی میڈیسن وافر مقدار میں موجود ہونی چاہیئے۔ محکمہ موسمیات موسم کی صورتحال کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر اپنی رپورٹ پیش کرے۔ دریاؤں کے کیچمنٹ ایریاز میں ہونے والی بارشوں کی ڈیلی رپورٹ مرتب کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کو درکار وسائل کی فراہمی کی ذمہ داری پوری کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پی ڈی ایم اے سٹاف کیلئے دو ماہ کی تنخواہ بطور اعزازیہ دینے کا اعلان کیا۔

اجلاس میں مون سون سیزن کے پیش نظر ممکنہ سیلاب کے حوالے سے تیاریوں و انتظامات کاجائزہ لیاگیا۔ اربن فلڈنگ کے خدشے کے حوالے سے شہرو ں میں ضروری انتظامات پر غور کیاگیا۔ صوبائی وزیر پی ڈی ایم اے میاں خالد محمود، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری آبپاشی اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔