عمران صاحب اپنے الزامات خود واپس لے رہے ہیں، یہ ان کی سیاست کی حقیقت ہے ‘مسلم لیگ (ن)

عدالت سے استدعا ہے ہتک عزت کا دعویٰ خارج کرنیکی درخواست کو منظور نہ کرے ‘مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب

بدھ 28 جولائی 2021 15:20

عمران صاحب اپنے الزامات خود واپس لے رہے ہیں، یہ ان کی سیاست کی حقیقت ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2021ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے شہباز شریف کا ہتک عزت کا دعوی خارج کرنے کی استدعاکرنے پر وزیر اعظم عمران خان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب نیازی گٹھ جوڑکے عدالتوں میں فیل ہونے کے بعد عمران صاحب اپنے الزامات خود واپس لے رہے ہیں، یہ ان کی سیاست کی حقیقت ہے ،پاناما میں پیسے دینے کا جھوٹ بولنے کی درخواست واپس لینے سے کام نہیں چلے گا،عدالت عمران صاحب کو ان کے جھوٹ پر سزا دے ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران صاحب شہبازشریف اور قوم سے جھوٹ بولنے پر معافی مانگیں، درخواست واپس لینے سے آپ کوبھاگنے نہیں دینگے ،کسی پر الزام ، کسی پر بہتان لگانا، کسی کے خلاف جھوٹ بولنا، عمران صاحب یہ آپ ریاست مدینہ بنارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

سیاسی انتقام میں آپ کے جھوٹ بولنے سے سیاسی مخالفین کی جو ہتک عزت ہوئی اس کا جواب دیں، استدعا ہے کہ عدالت اس درخواست کو منظور نہ کرے بلکہ عمران صاحب کے خلاف قانونی کارروائی کرے ،ابھی تو ایک درخواست واپس لی ہے عمران صاحب کو اپنا ہر الزام، بہتان اور جھوٹ واپس لینا پڑے گا ،چار سال بعد ہتک عزت کے مقدمے میں عدالت سے درخواست واپس لینے سے آپ کو فرار نہیں ہونے دیں گے ،عمران صاحب شہبازشریف پر جس طرح جھوٹا الزام لگایا تھا اب سرعام معافی بھی مانگیں،آپ نے آخر اعتراف کرلیا کہ پاناما پر شہبازشریف نے پیسے دینے کی کوئی پیشکش نہیں کی تھی ،اللہ تعالی کا شکر ہے کہ اس نے شہبازشریف کو سرخرو اور سچا ثابت کیا اور جھوٹ کا منہ ایک اور مرتبہ کالا ہوگیا ،تین سال سے عمران صاحب التوا ء کے پیچھے چھپے رہے ، اب شہبازشریف کا دعوی خارج کرنے کی درخواست ان کا نیا پینترا ہے ،دو سال سے زائد عرصے سے عمران صاحب اپنی ہی دائر کردہ درخواست کے حق میں کوئی دلائل پیش نہیں کرسکے ،درخواست واپس لینا واضح ثبوت ہے کہ عمران صاحب نے جھوٹ بولا تھا ،یہ ہتھکنڈا ایک بار پھر ان کے جھوٹ، بدنیتی اور سیاسی انتقام پر مبنی رویہ کی کھلی نشانی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عمران صاحب نے اعتراف کرلیا ہے کہ شہبازشریف نے انہیں براہ راست پیسہ دینے کی کوئی پیشکش نہیں کی تھی ،اس اعتراف سے ان کا سچائی اور ایمان داری کا لبادہ تار تار ہوچکا ہے ، ان کا سیاسی انتقام پر مبنی احتساب کا جھوٹا بیانیہ دفن ہوگیا، اب پیسے دینے کے جھوٹ سے بھی بھاگ گئے ،عمران صاحب آپ ان شااللہ اپنا ہر جھوٹ ، بہتان اور الزام واپس لیں گے۔