افغان صوبہ قندھار میں معروف کامیڈین نذر محمد اغوا کے بعد قتل

ویڈیو دیکھنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین اور صحافی اس واقعے کی مذمت کرنے لگے، طالبان کی تردید

بدھ 28 جولائی 2021 15:48

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2021ء) افغانستان کے صوبے قندھار سے تعلق رکھنے والے معروف کامیڈین نذر محمد کو اغوا کر کے قتل کر دیا گیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق افغان کامیڈین کے وحشیانہ قتل پر دنیا ورطہ حیرت میں ہے جبکہ طالبان کی جانب سے اس قتل میں ملوث ہونے کی تردید کی گئی ہے۔ نذر محمد المعروف خاشا زوان کے خاندان کا کہنا تھا کہ اس قتل کے ذمہ دار طالبان ہیں ۔

(جاری ہے)

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ جمعے کی رات کو نذر محمد کو نا معلوم افراد کی جانب سے ان کے گھر سے گھسیٹ کر نکالا گیا اور فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی زیر گردش ہے جس میں طالبان کو نذر محمد پر گاڑی میں بٹھا کر طمانچے مارے اور ڈرایا دھمکایا جا رہاہے۔ویڈیو دیکھنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین اور صحافی اس واقعے کی مذمت کرنے لگے، ساتھ ہی کامیڈین کو خراج عقیدت پیش کیا جانے لگا۔