حکومت نے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی نمبر پلیٹس مزید مہنگی کردیں

آٹا گھی چینی کی قیمتیں بڑھانے کے بعد اب گاڑیوں کی نمبر پلیٹس بھی مہنگی کر دی گئیں

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعہ 30 جولائی 2021 08:39

حکومت نے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی نمبر پلیٹس مزید مہنگی کردیں
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 جولائی2021ء)  حکومت پنجاب نے گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی نمبر پلیٹس مزید مہنگی کردی ہیں۔ کابینہ کمیٹی برائے خزانہ نے نمبر پلیٹس مزید مہنگی کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے کیے جانے والے فیصلے کے تحت موٹر کار اور جیپ کی نمبر پلیٹوں کی قیمتوں میں 300 روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے۔

اس ضمن میں بتایا گیا کہ موٹر کار، جیپ اور کمرشل وہیکل کی نمبر پلیٹوں کی قیمت 1200 سے 1500 کردی گئی ہیں۔صوبائی حکومت کی جانب سے کیے جانے والے فیصلے کے تحت موٹر سائیکل کی نمبر پلیٹ کی قیمت میں 250 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔حکومت پنجاب کے فیصلے کے مطابق اب موٹرسائیکل اور رکشہ کی نمبر پلیٹس 1000 روپے میں ملیں گی۔ سرکاری اداروں کی گاڑیوں کی نمبر پلیٹس 1600 اور سیمی گورنمنٹ وہیکل کی نمبر پلیٹس 1500 روپے میں بنائی جائیں گی۔

(جاری ہے)

جبکہ حکومت پنجاب نے نمبر پلیٹس کی ترسیل کے کورئیر چارجز بھی عوام سے وصول کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔جبکہ دوسری طرف چینی، گھی، کوکنگ آئل اور بسکٹ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے۔ مختلف کمپنیوں کی جانب سے گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتیں بڑھا دی گئیں۔کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن کے مطابق تھوک مارکیٹ میں چینی کی فی کلو قیمت 94 روپے سے بڑھ کر 100 روپے جب کہ بسکٹ کے ہاف رول کی قیمت 20 سے بڑھ کر 25 روپے ہو گئی۔

یہی نہیں بلکہ پیاز، ٹماٹر، لہسن، گھی، انڈے، آلو، گوشت، دال مونگ اور گڑ سمیت دیگر اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔اس کے علاوہ گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ ہوا ہے۔ درجہ اول گھی کی قیمت میں 38 جب کہ درجہ دوئم کے گھی کی فی کلو قیمت میں پندرہ روپے فی کلو اضافہ ہوا۔جس کے بعد درجہ اول کا گھی 305 روپے سے بڑھ کر 343 روپے اور درجہ دوئم کے گھی کے نرخ  270 روپے سے بڑھ کر285 روپے ہو گئی ہے۔اسی طرح چینی کی 50 کلو کی بوری 4700 روپے سے بڑھ کر پانچ ہزار روپے کی ہو گئی ہے۔