سب تحصیل اوچ شریف میں عالمی ثقافتی ورثہ مقبرہ بی بی جیوندی، بہاول حلیم اور نوریا سمیت تاریخی مزارات کھنڈرات کا منظر پیش کرنے لگے

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعہ 30 جولائی 2021 17:53

سب تحصیل اوچ شریف میں عالمی ثقافتی ورثہ مقبرہ بی بی جیوندی، بہاول حلیم ..
اوچ شریف (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 جولائی 2021ء،نمائندہ خصوصی،احمد حسن اعوان) محکمہ آثار قدیمہ، اوقاف اور این جی اوز نے تعمیر و مرمت اور بحالی کے نام پر کروڑوں روپے کے فنڈز حاصل کئے، لیکن تاریخی عمارات محفوظ نہ کی جا سکیں، خستہ حالی کے سبب قدیمی عمارات کے زمین بوس ہونے کا اندیشہ، اقوام متحدہ کے ادارے یونیسکو میں عالمی ثقافتی ورثہ کی حیثیت کا حامل مقبرہ بی بی جیوندی، مقبرہ بہاول حلیم اور مقبرہ نوریا سمیت دیگر قدیم اور تاریخی مزارات متعلقہ اداروں کی غفلت اور عدم توجہی کے باعث کھنڈرات میں تبدیل ہو چکے ہیں دنیا بھر میں پاکستان اور اوچ شریف کی پہچان اور ورلڈ ہیریٹیج کا درجہ رکھنے والے مقبرہ بی بی جیوندی کی ادھوری عمارت بھی انتہائی خستہ حال ہو گئی ہے یورپی ممالک کی یونیورسٹیوں میں  آرکیالوجی کے طلبہ کے تھیسز میں دنیا کی 100 تاریخی عمارات میں مقبرہ بی بی جیوندی بھی شامل ہے، علاوہ ازیں امریکن ایئرپورٹس پر مقبرہ بی بی جیوندی کی نصب تصاویر بھی اس کے عالمی شہرت یافتہ ہونے کی واضح مثال ہیں، اسی طرح مقبرہ بہاول حلیم اور مقبرہ نوریا بھی تاریخی اعتبار سے نہایت اہمیت کے حامل ہیں اوچشریف کے ان تاریخی اور قدیمی مقامات کو دیکھنے کیلئے دنیا بھر سے سیاح اور ملک کے طول و عرض سے زائرین آتے ہیں اور مزارات کی شکستہ اور بوسیدہ حالت زار دیکھ کر افسوس کا اظہار کرتے ہیں زائرین سید مبشرحسن، سید زاہد حسین، سید عمیر شاہ، محمد عمران، امتیاز احمد، و دیگر کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں تاریخی اثاثوں کو محفوظ کرنے کے اقدامات کئے جاتے ہیں اور سیاحت کی مد کثیر زرمبادلہ کمایا جاتا ہے مگر یہاں کے حالات برعکس ہیں، اور یہ قومی ورثہ خستہ حال ہو کر کھنڈرات کی شکل اختیار کر گیا ہے جس کے کسی بھی وقت زمین بوس ہونے کا اندیشہ ہے انہوں نے حکومت سے تاریخی مزارات کی فوری بحالی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔