شیری رحمان کا حکومت سے ایل این جی اسکینڈل پر وضاحت کا مطالبہ

عالمی جریدے بلومبرگ نے وہی بات کی ہے جو ہم کئی ماہ سے کر رہے ہیں، نائب صدر پیپلزپارٹی اسکینڈل پر احتساب کا ادارہ ازخود نوٹس لے گا یا احتساب صرف پیپلز پارٹی کا ہوگا کیا قومی خزانے کو دیئے گئے اس نقصان کا حکومت اور وزراء ازالہ کر سکتے ہیں ، بیان

جمعہ 30 جولائی 2021 22:17

شیری رحمان کا حکومت سے ایل این جی اسکینڈل پر وضاحت کا مطالبہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2021ء) نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے حکومت سے ایل این جی اسکینڈل پر وضاحت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی جریدے بلومبرگ نے وہی بات کی ہے جو ہم کئی ماہ سے کر رہے ہیں۔ اپنے بیان میں شیری رحمن نے کہاکہ اب تو عالمی جریدے نے بھی حکومت کی نااہلی سے پردہ اٹھایا ہے،اس حکومت نے گرمیوں میں ملکی تاریخ کی مہنگی ترین ایل این جی خریدی ہے۔

انہوںنے کہاکہ ماضی کی حکومتوں نے 8 ڈالر میں ایل این جی خریدی جو نااہلی سرکار نے 15 ڈالر میں خریدی، ملک میں ترسیل کے وقت اس کی قیمت 19 سے 22 ڈالر تک پہنچ جائے گی،بلومبرگ کے مطابق یہ قیمت 67 فیصد زیادہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ سستی ایل این جی کی ڈیل منسوخ کر کے مہنگی ترین ایل این جی گیس خریدی گئی، اس نااہلی کی وجہ سے ملک کو 95 ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ مجموعی طور اس حکومت نے این این جی مد میں ملک کو 422 ملین ڈالر کا نقصان دیا ہے، اس نااہلی، ناکامی اور بدانتظامی کا ذمہ دار کون ہی ۔ انہوںنے کہاکہ کیا اس اسکینڈل پر احتساب کا ادارہ ازخود نوٹس لے گا یا احتساب صرف پیپلز پارٹی کا ہوگا کیا قومی خزانے کو دیئے گئے اس نقصان کا حکومت اور وزراء ازالہ کر سکتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ تباہی سرکار کی نااہلی کا ازالہ ابھی تک عوام اور ملک کر رہا ہے، حکومت بلومبرگ کی رپورٹ پر وضاحت پیش کرے