عمان کے ساحل کے نزدیک اسرائیلی بحری جہاز پر حملہ

برطانوی وزارت دفاع کے مطابق تجارتی جہاز کو مسقط سے 300 کلومیٹر دُور سمندری مقام پر نشانہ بنایا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 31 جولائی 2021 09:55

عمان کے ساحل کے نزدیک اسرائیلی بحری جہاز پر حملہ
مسقط (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔31جولائی2021ء ) بحیرہ عرب میں چند روز قبل ایک بحری جہاز کو تخریبی حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا، اس حوالے سے نئی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔ برطانوی وازرت دفاع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جس جہاز کو نشانہ بنایا گیا وہ اسرائیل کا ایک تجارتی جہاز ہے۔ برطانوی وزارت دفاع کے مختصر بیان کے مطابق اس سلسلے میں تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

برطانوی سمندری تجارت کے محکمے کے مطابق جمعرات کی شام خلیجی سلطنت عمان کے جزیرے مصیرہ کے شمال مشرق میں اسرائیلی بحری جہاز کو تخریبی کارروائی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔جس جگہ یہ واقعہ پیش آیا وہ عمان کے دارالحکومت مسقط سے 300 کلومیٹر دُور واقع ہے۔ تجارتی جہاز کو اس حملے میں کتنا نقصان ہوا ہے، اس حوالے سے ابھی کچھ زیادہ نہیں تفصیلات ظاہر نہیں کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب مشرقِ وسطیٰ میں تعینات پانچویں امریکی بیڑے کی جانب اس واقعے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ بحیرہ احمر اور بحیرہ عرب میں گزشتہ کچھ سالوں کے دوران کئی سعودی جہازوں کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔ سعودی عرب کی جانب سے دعویٰ کیا جاتا ہے کہ یہ تخریبی کارروائیاں ایران کی حمایت یافتہ یمن کی حوثی ملیشیا کی جانب سے کی جا رہی ہیں۔

گزشتہ روز بھی عرب فوجی اتحاد کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یمن کی حوثی ملیشیا نے بحیرہ احمر کے جنوب میں ایک تجارتی جہاز کو ڈرون حملے سے نشانہ بنانے کی کوشش کی تاہم مستعداتحادی افواج نے اس بارود بردار طیارے کو ہدف پر پہنچنے سے پہلے ہی مارا گرایا ہے۔ عرب اتحاد کا کہنا ہے کہ حوثی ملیشیا کی جانب سے بحیرہ احمر میں عالمی تجارات اور جہاز رانی کی سرگرمیوں کو مسلسل نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے تاہم ابھی تک انہیں ناکامی کا مزہ چکھنا پڑا ہے۔