ہونہار پاکستانی طلبہ کو بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے کا شاندار موقع میسر آ گیا

دُبئی یونیورسٹی نے غیر ملکی اور مقامی افراد کو سکالر شپس دینے کا اعلان کر دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 3 اگست 2021 11:19

ہونہار پاکستانی طلبہ کو بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے کا شاندار موقع میسر ..
 دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3 اگست 2021ء) وہ پاکستانی طلبہ جو بے شاندار تعلیمی قابلیت کے حامل ہیں اور ان کا امتحانی ریکارڈ بہت اچھا ہے، اگر وہ کسی شاندار بیرون ملک یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہش مند ہیں، تو ان کے لیے ایک اچھی خبر موجود ہے۔ دُبئی یونیورسٹی نے غیر ملکی اور مقامی افراد کو سکالر شپس دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ یونیورسٹی میں داخلہ لینے والے لائق طلباء کو فیس میں بھی خصوصی رعایت دی جائے گی۔

دُبئی یونیورسٹی ایک غیر منافع بخش تعلیمی ادارہ ہے۔ اُردو نیوز کے مطابق دبئی یونیورسٹی نئی نسل کو جدید علوم کے حصول میں ا?سانیاں پیدا کرنے کے مشن کے تحت سکالر شپ اور فیس میں رعایتیں دے رہی ہے ۔ اس مقصد کی خاطر یونیورسٹی نے سکالر شپ حاصل کرنے کے لیے درخواستیں طلب کی ہیں۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ ٹول فری 800863 پر رابطہ کرکے درخواستیں دی جاسکتی ہیں۔

انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ انجینیئرنگ کی فیکلٹی نے گریجویشن اور ماسٹرز کے لیے مکمل اور جزوی سکالر شپ دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ سکالر شپ ڈیٹا سائنس میں دی جائیں گی۔یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ناصر المرقب نے کہا ہے کہ سیکنڈری سکول میں نوے فیصد اور اس سے زیادہ نمبر حاصل کرنے والے تمام طلبہ کو فیس میں پچاس فیصد کی رعایت دی جائے گی۔

اندرون و بیرون ملک سے داخلہ لینے والے تمام طلبہ کو یہ سہولت حاصل ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پندرہ سے زیادہ سکالر شپ شیخ حمدان بن راشد ال مکتوم کے نام سے دی جارہی ہیں۔ڈاکٹر ناصر المرقب نے کہا کہ سرمایہ کار عادل الکامل کی طرف سے 5 سکالر شپ 95 فیصد یا اس سے زیادہ نمبر حاصل کرنے والے ممتاز طلبہ کے لیے ہیں۔ یونیورسٹی کے سربراہ ڈاکٹرعیسی البستکی نے کہا کہ یونیورسٹی نے متعدد سرکاری اداروں کے ساتھ معاہدے کیے ہیں تاکہ سکالر شپ والے طلبہ کو تعلیم کے بعد ملازمتیں فراہم کی جاسکے۔