شہر کے بڑے سرکاری ہسپتالوں میں کورونا ویکسین نہ لگوانے والے مریضوں کیلئے آئوٹ ڈور علاج معالجہ بند کردیا گیا

منگل 3 اگست 2021 23:14

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اگست2021ء) شہر کے بڑے سرکاری ہسپتالوں میں کورونا ویکسین نہ لگوانے والے مریضوں کیلئے آئوٹ ڈور علاج معالجہ بند کردیا گیا ۔رجسٹریشن اور پرچی بنوانے سے قبل مریضوں کے شناختی کارڈ کے ذریعے کورونا ویکسی نیشن لگوانے کی تصدیق کی جانے لگی۔کورونا ویکسین نہ لگوانے والے مریضوں کو علاج معالجہ میں شدید مشکلات کا سامنا ۔

تفصیل کے مطابق حکومت پنجاب محکمہ صحت کی ہدایت پر شہر کے بڑے الائیڈ‘سول ‘گورنمنٹ جنرل ہسپتال غلام محمد آباد ‘گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد‘گورنمنٹ جنرل ہسپتال حسیب شہید کالونی میں کورونا سے بچائو کی ویکسی نیشن نہ کروانے والوں کی چیک اپ اور ادویات کے حصول کیلئے او پی ڈی میں پرچی دینا بند کردی گئیں۔

(جاری ہے)

میڈیکل سپرنٹنڈنٹس نے اپنے ماتحت عملہ کو اس بات کا سختی سے پابند کیا ہے کہ جو بھی مریض پرچی بنوانے کیلئے او پی ڈی آئے اس کا کورونا سر ٹیفکیٹ چیک کیا جائے اور سرٹیفکیٹ نہ ہو تو شناختی کارڈ کے ذریعے کورونا ویکسی نیشن کی تصدیق کرنے کے بعد پرچی جاری کی جائے جس پر عملہ بھی شدید مشکلات کا شکار ہوگیا ۔

اوپی ڈی میں پرچی بنوانے والوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور کمپیوٹراپریٹر سے مریضوں کی بحث وتکرار ہونے لگی۔علاج معالجہ کیلئے آنیوالوںکو ہسپتال میں کورونا ویکسین لگوانے کیلئے بھجوا دیا جاتا ہے اور کورونا ویکسین لگوانے والوں کے باہر بھی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا کی چوتھی لہر میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے اور حکومت پنجاب کے فیصلہ کے مطابق جو شخص کورونا ویکسی نیشن نہیں لگوائے گا اس کو سروسز فراہم نہیں کی جا رہی ہیں جبکہ ایمرجنسی میں آنیوالے مریضوں کا علاج معالجہ جاری ہے ۔شہریوں کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر کورونا سے بچائو کی ویکسی نیشن کروائیں۔