ساہیوال میں 15 شادیاں کرنے والے فراڈیے کا بیٹا گرفتار، ملزم کے تہلکہ خیز انکشافات

ملزم اور اِس کا گروہ سفید پوش خاندانوں میں شادی کرتا اور خواتین کو بلیک میل کرکے طلائی زیورات اور لاکھوں روپے نقدی ہتھیا لیتا، گرفتار ملزم کا اعتراف

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری منگل 3 اگست 2021 20:22

ساہیوال میں 15 شادیاں کرنے والے فراڈیے کا بیٹا گرفتار، ملزم کے تہلکہ ..
ساہیوال(اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 3اگست 2021) ساہیوال میں 15 شادیاں کرنے والے فراڈیے کا بیٹا گرفتار، ملزم اور اِس کا گروہ سفید پوش خاندانوں میں شادی کرتا اور خواتین کو بلیک میل کرکے طلائی زیورات اور لاکھوں روپے نقدی ہتھیا لیتا، گرفتار ملزم نے تہلکہ خیز انکشافات کر دئیے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر ساہیوال میں 15 شادیاں کرنے والے فراڈیے کے بیٹے کو گرفتار کرلیا گیا۔

نجی ٹیلی ویژن چینل کی رپورٹ کے مطابق ساہیوال میں گرفتار ہونے والے ملزم نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اور اِس کا گروہ سفید پوش خاندانوں میں شادی کرکے خواتین کو بلیک میل کرتے اور طلائی زیورات اور لاکھوں روپے نقدی ہتھیا لیتے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی مفرور ملزم فیصل حسن کے بیٹے کو گرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق مرکزی ملزم فیصل حسن نے 15 سے زائد خواتین سے شادی کرکے ان سے رقم زیورات ہتھیا کر طلاق دے دی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے ساتھ اس کی پہلی بیوی اور بیٹا عبدالاحد بھی شامل ہیں، ملزم فیصل حسن خود کو کنوارہ یا طلاق یافتہ ظاہر کرکے درجن سے زائد لڑکیوں سے شادی کرکے ان کی زندگیاں برباد کرچکا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف پنجاب کے مختلف شہروں کے تھانوں لاہور، شیخوپورہ، مریدکے، راولپنڈی اور ساہیوال میں ایف آئی آر کا اندراج ہے اور متعدد تھانوں کا اشتہاری بھی ہے۔

پولیس نے گزشتہ روز ملزم کے بیٹے کے خلاف اس کی 15ویں بیوی کی شکایات پر مقدمہ درج کرکے گرفتار کیا جبکہ مرکزی ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ دوسری جانب جیکب آباد میں ڈیڑھ لاکھ روپے کے عوض 10سالہ بچی کی شادی کرانے کی کوشش میں پولیس نے بچی کے باپ اور دلہا کو گرفتار کرلیا، بچی کو خریدنے کی کوشش میں دلہے کے اہلِ خانہ کے خلاف بھی کارروائی شروع کر دی گئی۔

سندھ پولیس نے ضلع جیکب آباد میں کارروائی کر کے دس سالہ لڑکی کی شادی کروانے والے باپ اور دلہا کو گرفتار کرلیا۔سندھ کے ضلع جیکب آباد میں پولیس نے کارروائی کر کے دس سالہ بچی کی شادی کی کوشش کو ناکام بنا کر باپ کو گرفتار کرلیا۔عدالتی حکم پر لولیس نے بچی کے باپ کے علاوہ دلہا کو بھی گرفتار کیا۔ تفتیشی افسر کے مطابق بچی کی دادی نے ڈیڑھ لاکھ کےعوض شادی طے کی تھی، دلہا اور اہل خانہ نے رقم ادا کر کے دس سالہ بچی کو خریدنے کی کوشش کی۔ماموں کی درخواست پرعدالت نے پولیس کوکارروائی کاحکم دیا، پولیس کو بچی کو ماموں کےحوالےکردیا۔