ملائشیا کا نوجوان تیر کر ہزاروں میل دُور مکہ مکرمہ جانے کی کوشش پر گرفتار

28 سالہ نوجوان نے تانجونگ شہرکے ساحل سے سمندر میں چھلانگ لگا دی، پولیس نے کچھ دور کی تیراکی کے بعد گرفتار کر لیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 5 اگست 2021 13:06

ملائشیا کا نوجوان تیر کر ہزاروں میل دُور مکہ مکرمہ جانے کی کوشش پر گرفتار
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5 اگست 2021ء ) اسلام دُنیا کا دوسرا بڑا مذہب ہے۔ جس کے ڈیڑھ ارب سے زائد ماننے والے دُنیا بھر کے درجنوں ممالک اور خطوں میں آباد ہیں۔ ہر مسلمان کی زندگی کی سب سے بڑی خواہش ہوتی ہے کہ وہ زندگی میں کم از کم ایک بار حج یا عمرہ کی سعادت ضرور حاصل کرے اور یہاں موجود مقامات مقدسہ کی بھی زیارت کرے تاکہ وہ آخرت میں اپنی بخشش کا سامان کر سکے اور اسے روحانی سکون اور رہنمائی حاصل ہو جائے۔

ماضی میں لوگ حج اور عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے لیے ہزاروں میل پیدل سفر بھی کرتے تھے اس کے علاوہ جہازوں اور کشتیوں پر بھی کئی ماہ کا سفر کرنے کے بعد حجاز مقدس پہنچتے تھے۔ تاہم ملائشیا میں ایک نوجوان نے مکہ مکرمہ جانے کے لیے انوکھا سفری روٹ اپنا لیا جس نے سب کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ملائشیا میں ایک نوجوان کومکہ مکرمہ پہنچنے کے لیے تیر کر جانے کی کوشش پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ملائشین میڈیا کے مطابق پولیس نے ایک مقامی نوجوان کوحراست میں لے لیا ہے جو ہزاروں میل دُور واقع مکہ مکرمہ جانے کے لیے سمندر میں کود پڑا تاکہ وہ یہ سفر سمندر کے راستے طے کر سکے۔ پولیس کے مطابق 28 سالہ نوجوان نے تانجونگ شہر کے ساحل سے سمندر میں چھلانگ لگا دی تھی، ابھی وہ سمندر میں کچھ دُور ہی گیا تھا کہ پولیس نے اسے گرفتار کر لیا ہے۔

تفتیش کے دوران ملزم سے پوچھا گیا تو اس کا کہنا تھا کہ وہ تیر کر مکہ جانے کی کوشش کر رہا تھا۔ پولیس کو اس کی تلاشی لینے پر منشیات کا کوئی سراغ نہیں ملا۔ ملزم سے تفتیش جاری ہے۔ اس شخص کو پنانگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اس کی دماغی حالت چیک کی جا رہی ہے۔ جس کے بعد ہی اس واقعے کے محرکات کا پتا چل سکے گا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی ذہنی حالت ٹھیک معلوم نہیں ہوتی کیونکہ اس نے لاک ڈاؤن کے دوران سمندر میں تیر کر ایک اور جزیرے پر جانے کی کوشش کی تھی، جہاں اس کا دوست مقیم تھا۔یہاں آپ کو بتاتے چلیں کہ ملائشیا سے سعودی عرب کا سمندر کے راستے فاصلہ 8250 کلومیٹر (4455 ناٹیکل میل) ہے۔