ضلع کورنگی کے 6تھانوں کا منشیات و گٹکا مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن 19ملزمان گرفتار

اتوار 22 اگست 2021 19:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2021ء) ضلع کورنگی کے 6تھانوں کا منشیات اور گٹکا ماوا مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن 19ملزمان گرفتار۔ اسلحہ، بڑی مقدار میں گٹکا ، ماوا، چھالیہ، منشیات اور موٹر سائیکلیں برآمد۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ضلع کورنگی شاہ جہان خان نے ضلع کورنگی کے تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوزکی ہنگامی میٹنگ طلب کی اور تمام افسران کو منشیات ، گٹکا مافیاز کے خلاف بھر پور کریک ڈاؤن کا ٹاسک دیا۔

میٹنگ میں تمام افسران کو سختی سے تاکید کرتے ہوئے متنبہ بھی کیا کہ منشیات و گٹکا مافیاز کے خلاف کسی قسم کی غفلت و کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ مذکورہ احکامات کی روشنی میں ایس ایچ او لانڈھی اکبر خان محسود نے پولیس پارٹی کے ہمراہ لانڈھی سیکٹر 36/Gمیں گٹکا مارا کے گودام پر کامیاب چھاپہ مار کر گٹکا ماوا کی تیاری کے لیے چھالیہ و دیگر اشیاء کے سپلایئر اللہ محمد ولد عبد الحکیم کو گرفتار کر کے 15بوری چھالیہ مجموعی 150کلو گرام چھالیہ، ایک کار، 8پیکٹ گٹکا ماوا برآمد کر لیئے۔

(جاری ہے)

جبکہ موٹر سائیکل لفٹر گینگ کے سرغنہ سمیت 3ملزمان محمد فیضان، دلبر اور آصف کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان پولیس کو مختلف مقدمات میں مطلوب تھے۔ ایس ایچ او زمان ٹاؤن گلزار تنیو نے منشیات اور گٹکا ماوا مختلف علاقوں میں سپلائی کرنے والے مافیاز کے خلاف ایکشن کرتے ہوئے منشیات فروش 2ملزمان سرفراز اور اسماعیل کو گرفتار کر کے ڈیڑھ کلو گرام چرس، نقدی، موبائل فون اور ایک موٹر سائیکل برآمد کر لی۔

جبکہ گٹکا مافیا کے 3ملزمان ارشاد خان، ریاض اور اکبر کو گرفتار کر کے بڑی مقدار میں گٹکا ماوا کے پیکٹ برآمد کر لیے۔ جبکہ منشیات کے علاقائی ڈان ملزم رب نواز عرف بیلو کو گرفتار کر کے ملزم کے قبضے سے سوا کلو گرام چرس اور دیگر اشیاء برآمد کر لیں۔ایس ایچ او کورنگی صنعتی ایریا انسپکٹر عنایت اللہ مروت نے بر وقت کاروائی کرتے ہوئے منشیات فروش ملزم محمد دانش کو گرفتار کر کے چرس کی راڈیں برآمد کر لیں۔

جبکہ موٹر سائیکل لفٹر گروہ کے 2مفرور ملزمان محمد تیمور اور محمد احمد کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان پولیس کو مقدمات میں مطلوب تھے۔ ایس ایچ او عوامی کالونی انسپکٹر صفدر مشوانی نے پولیس پارٹی کے ہمراہ کاروائی کر کے متفرق مقدمات میں مطلوب 2ملزمان شاہنواز اور ریاض کو گرفتار کر لیا۔ ایس ایچ او الفلاح راشد الرحمٰن نے علاقے میں گشت کے دوران تعاقب کر کے اسٹریٹ کرمنل ملزم اسما ء عقیل کو گرفتار کر کے ایک پستول برآمد کر لیا۔

جبکہ ملزم کا ساتھی گلیوں میں فرار ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے۔ جبکہ علاقے میں چرس کی راڈیں ٹکڑوں میں فروخت کرنے والے منشیات فروش ملزم طلحہ جیلانی عرف شونر کو گرفتار کر کے ایک کلو 70گرام چرس برآمد کر لی۔ ایس ایچ او شاہ فیصل کالونی شمس الزمان نے دو الگ الگ کاروائیوں میں گٹکا سپلائیر ملزم جمیل عرف ملکا اور موٹر سائیکل چور عبد الباسط کو گرفتار کر کے 60پیک گٹکا ماوااور ایک مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کر لی۔ ایس ایس پی ضلع کورنگی شاہ جہان خان نے بروقت کامیاب کاروائیاں کرنے پر ایس ایچ اوز اور پولیس پارٹیز کو شاباش دی اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔