7ستمبر مینار پاکستان پر ہونیوالی تاریخی ختم نبوت کانفرنس کے تمام انتظامات مکمل

جمعرات 2 ستمبر 2021 23:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 ستمبر2021ء) 7ستمبر مینار پاکستان پر ہونیوالی تاریخی ختم نبوت کانفرنس کے تمام انتظامات مکمل ہوگئے۔ تمام انتظامی کمیٹیوں نے اپنا ہوم ورک مکمل کرلیا ۔صوبے بھر سے عاشقان مصطفیٰ ﷺ قافلوںکی صورت میں شریک ہونگے، کانفرنس میں لاکھوں فرزندان اسلام قانون تحفظ ختم نبوت و ناموس رسالت کے دفاع کا عہد کرینگے۔

عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی امیر پیرطریقت مولانا حافظ محمدناصرالدین خان خاکوانی کی زیرصدارت اورنائب ا میرکزیہ مولانا خواجہ عزیز احمداور جامعہ اشرفیہ کے مہتمم مولانا فضل الرحیم کی زیرنگرانی منعقدہ اس کانفرنس سے تمام مکاتب فکر کے علماء اور دینی و سیاسی رہنما مولانا فضل الرحمن، سینیٹر سراج الحق، چوہدری پرویز الٰہی ، شاہ اویس نورانی ، پروفیسر سینیٹر ساجد میر، ڈاکٹرابو الخیرمحمدزبیر ، مولانا قاری محمدحنیف جالندھری ، مولانا عبدالغفور حیدری ، لیاقت بلوچ، خواجہ مدثرمحمودتونسوی ، مولانا اللہ وسایا، علامہ ابتسام الٰہی ظہیر، علامہ سید ضیا اللہ شاہ بخاری،مولانا مفتی محمدحسن اور قومی تاجر رہنما،وکلاء ، طلباء ، صحافی و دانشور خطاب کرینگے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے زیراہتمام لاہور پریس کلب میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی رہنما مولانا محمداسماعیل شجاع آبادی، جے یوآئی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمدامجد خان، عالمی مجلس کے مرکزی رہنما مولانا عزیز الرحمن ثانی، مولانا علیم الدین شاکر، قاری جمیل الرحمن اختر، میاں محمدرضوان نفیس، مولانا عبدالشکورحقانی، جا معہ اشرفیہ کے مفتی شاہدعبید ، مولانا خالد محمود، مولانا حافظ محمداشرف گجر، حافظ نصیراحمداحرار اور مولانا عبدالنعیم نے کیا ۔

ان رہنماؤں نے کہا کہ قانون تحفظ ختم نبوت و ناموس رسالت کو غیر مؤثر کرنے کی کوئی بھی سازش قابل قبول نہیں۔ غیور اسلامیان پاکستان میں اس حوالہ سے شدید بے چینی اور اضطراب پایا جاتا ہے جس کے تحت عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت نے ملک کے بڑے بڑے شہروں لاہور ، راولپنڈی ، پشاور، ملتان، سرگودھا، بہاولپور اور چناب نگر سمیت مختلف شہروں میں تاریخ ساز بڑی بڑی کانفرنسزوعوامی اجتماعات منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ قانون تحفظ ختم نبوت و قانون تحفظ ناموس رسالت 295-Cکے بھرپور دفاع اور ان اسلامی قوانین کیخلاف ہراندرونی و بیرونی سازشوں کا قلع قمع کیا جاسکے۔

نیز ان رہنماؤں نے کانفرنس میں شریک ہونیوالے تمام شرکاء سے اپیل کی ہے کہ وہ ماسک پہن کر اور ہاتھوں کو سیناٹائز کر کے کانفرنس میں شریک ہوں اور پنڈال میں سماجی فاصلے کا ضرور خیال رکھیں جو کہ انتہائی ضروری ہے ۔واضح رہے کہ انتظامیہ کانفرنس کی جانب سے مین داخلی گیٹ پر تمام شرکاء کو ماسک اور سینیٹائزرمہیا کرنے کا خصوصی طورپربھی اہتمام کیا گیا ہے۔ پریس کانفرنس کے آخر میں شاہین ختم نبوت مولانا اللہ وسایا کے بڑے بیٹے مولانا محمداحمد کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا گیا اور انکی مغفرت کے لئے دعا کی گئی ۔