طالبان نے انخلا میں سنجیدہ اور پیشہ ورانہ رویہ اپنایا، امریکا

افغانستان سے اپنے شہریوں کی روانگی میں سہولت فراہم کی اور اس کوشش میں کردار ادا کرنے پر قطر کا شکریہ ادا کیا،بیان

ہفتہ 11 ستمبر 2021 13:07

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2021ء) امریکا نے طالبان کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے امریکی فوجی انخلا کے بعد افغانستان سے نکلنے والے امریکی شہریوں کے پہلے انخلا میں سنجیدہ اور پیشہ ورانہ رویہ اپناتے ہوئے تعاون فراہم کیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق قومی سلامتی کونسل کی ترجمان ایمیلی ہارن نے قطر ایئرویز کی چارٹرڈ پرواز کے ذریعے کابل سے دوحہ روانگی کو افغانستان میں نئی حکومت کا پہلا مثبت قدم قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ طالبان نے حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے امریکی شہریوں اور قانونی طور پر مستقل مقامی افراد کی چارٹرڈ پرواز کے ذریعے روانگی میں معاون سہولیات فراہم کیں۔ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے لچک کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنجیدہ اور پیشہ ورانہ انداز میں ہمارے ساتھ معاملے کو آگے بڑھایا۔ایمیلی ہارن نے کہا کہ امریکا نے افغانستان سے اپنے شہریوں کی روانگی میں سہولت فراہم کی اور اس کوشش میں کردار ادا کرنے پر قطر کا شکریہ ادا کیا۔ان کا کہنا تھا کہ محفوظ روانگی کو یقینی بنانے کے لیے 'ہم بے حد کام کر رہے ہیں اور یہ پرواز 'محتاط و سخت سفارت کاری اور روابط کا نتیجہ ہے۔