کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن میں ن لیگ کو عبرتناک شکست ہوگی،اعجازاحمدچوہدری

ہفتہ 11 ستمبر 2021 16:37

کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن میں ن لیگ کو عبرتناک شکست ہوگی،اعجازاحمدچوہدری
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2021ء) پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر سینیٹر اعجازاحمدچوہدری نے خواجہ سعد رفیق کی پریس کانفرنس پر اپنے ردِعمل کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ خواجہ سعد رفیق کا کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن میں دھاندلی کا منصوبہ پی ٹی آئی نے ناکام بنا دیا ہے،آج 12 ستمبر کو کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن میں ن لیگ کو عبرتناک شکست ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ( ن) لیگی کرپٹ درباریوں کاٹولہ اپنی شکست کو دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکا ہے، پی ٹی آئی صاف اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے ہرممکن اقدامات کرے گی، (ن )لیگی درباریوں کو بے بنیاد تنقید قابل مذمت ہے، آج بلے کی فتح کا دن ہوگا،پی ٹی آئی نے موثر حکمت عملی سے عوام تک پارٹی کا پیغام پہنچایا،کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن مہم میں عہدیداران، کارکنان اور پارٹی رہنماوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

انہوں نے کہاکہ کسی کو کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں دھاندلی کرنے کی ہر گزاجازت نہیں دیں گے، ن لیگی کرپٹ ٹولہ دھاندلی کی پیدوار ہے، الیکٹرونک ووٹنگ مشینوں کے نفاذ سے دھاندلی کے تمام راستے بند ہو جائیں گے، تحریک انصاف ن لیگی ٹولے کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی، تحریک انصاف کینٹ کی عوام کی حقیقی معنوں میں خدمت کرے گی۔