زرعی انجینئرز نے شبانہ روز محنت کے بعد دھان کی فصل کی مشینی کٹائی ومحفوظ برداشت کیلئے مختلف خودکار مشینیں متعارف کروادیں

منگل 14 ستمبر 2021 13:51

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2021ء) زرعی انجینئرز نے شبانہ روز محنت کے بعد دھان کی فصل کی مشینی کٹائی ومحفوظ برداشت کیلئے خودکار کٹر بائنڈر،واک آفٹر کٹر،ٹریکٹر ریپر، فل فیڈ کمبائن اور ہیڈ فیڈ کمبائن نامی مشینیں متعارف کروادی ہیں اور کہا ہے کہ چونکہ دھان کی کٹائی کے دوران 10 فیصد تک فصل ہاتھ سے کٹائی وپھنڈائی میں ضائع ہوجاتی ہے لہٰذا کاشتکار ان مشینوں کی مدد سے کٹائی کریں تاکہ انہیں پوری فصل اور بہتر معیار کے باعث پورا معاوضہ مل سکے۔

نظامت اعلیٰ زراعت فیلڈ کے انجینئرز طارق شاہین اور ڈاکٹر محمد اشرف نے بتایا کہ خودکار کٹر بائنڈر نامی مشین چاول، گندم اور چارہ جات کاٹنے کیلئے استعمال ہوتی ہے جوچاول کی فصل کاٹ کر خود ہی ساتھ کی ساتھ گٹھے بھی بنادیتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اس کا انجن 10 ہارس پاور،فیول کھپت 1.5 لٹر فی گھنٹہ،فیلڈ کپیسٹی 1 ایکڑ فی گھنٹہ اور کٹائی کی چوڑائی 4 فٹ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ واک آفٹر کٹر مشین چاول، گندم، چارہ جات کو کاٹ کر ایک طرف لائن میں گراتی چلی جاتی ہے جس کا انجن 7 سے9 ہارس پاور، فیول کھپت 1.5 لٹر فی گھنٹہ،فیلڈ کپیسٹی 1 ایکڑ فی گھنٹہ اور کٹائی کی چوڑائی 4سے6 فٹ ہے۔انہوں نے بتایا کہ ٹریکٹر ریپر مشین کو ٹریکٹر کی اگلی سائیڈ پر فٹ کرکے چلایا جاتا ہے جس سے چاول، گندم کی کٹائی کی جاتی ہے اور یہ فصل کو کاٹ کر ایک سائیڈ پر لائن میں گراتی جاتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اسے چلانے کیلئے ٹریکٹر،فیول کھپت 2 سے3 لٹر فی گھنٹہ،فیلڈ کپیسٹی1.5 ایکڑ فی گھنٹہ اور کٹائی کی چوڑائی7 فٹ ہے۔انہوں نے بتایا کہ فل فیڈ کمبائن کٹ میں معمولی تبدیلی کرکے چاول اور گندم کاٹ لیتی ہے جس کی چوڑائی 13 تا15فٹ اور یہ ایک دن میں 10 سے 15 ایکڑ پر موجود فصل کو آسانی سے کاٹ لیتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہیڈفیڈ کمبائن صرف چاول کاٹتی ہے اور اس سے ایک وقت میں 4 لائنوں کو کاٹا جاسکتا ہے جبکہ یہ مشین روزانہ 5 سے 6 ایکڑ رقبہ پر موجود فصل کاٹ لیتی ہے۔

متعلقہ عنوان :