پروپیگنڈہ کوئین ہر صبح نیا جھوٹ گھڑ کر لاتی ہیں،گندم کی سپورٹ پرائس کو 23 فیصد بڑھایا گیا، آج کسان خوشحال ہے ، زراعت کا شعبہ دوبارہ پاؤں پر کھڑا ہو رہا ہے، ڈاکٹر شہباز گِل

منگل 14 ستمبر 2021 13:59

پروپیگنڈہ کوئین ہر صبح نیا جھوٹ گھڑ کر لاتی ہیں،گندم کی سپورٹ پرائس ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2021ء) وزیراعظم کے ترجمان و  معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل  نے کہا ہے کہ پروپیگنڈہ کوئین ہر صبح نیا جھوٹ گھڑ کر لاتی ہیں،آج کسان خوشحال ہے جس کی  وجہ سے زراعت کا شعبہ دوبارہ پاؤں پر کھڑا ہو رہا ہے،گندم کی سپورٹ پرائس کو 23 فیصد بڑھایا گیا۔ ا  ن خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو  مریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل میں کیا۔

ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ پروپیگنڈہ کوئین ہر صبح نیا جھوٹ گھڑ کر لاتی ہیں ۔نااہل لیگ آج صرف پروپیگنڈہ لیگ بن کر رہی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں زرعی خودکفالت کے بلندوبانگ نعرے لگائے گئے۔ نااہل حکومتوں نے زراعت کی ترقی کیلئے عملاً رتی بھر بھی کام نہیں کیا۔ شریف فیملی کی ملز کے باہر گنے کے پیسے مانگنے پر  کسانوں پر لاٹھی چارج کیا جاتا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج کسان خوشحال ہے جس کی  وجہ سے زراعت کا شعبہ دوبارہ پاؤں پر کھڑا ہو رہا ہے۔ اس سال گندم، گنے، کینو، چاول اور پیاز، آلو سمیت کئی ‏بمپر فصلیں پیدا ہوئی ہیں۔ کسانوں نے اس بار 3 گُنا زیادہ اور بروقت اجرت پائی۔ ن لیگ نے 5 سالوں میں سپورٹ پرائس کی مد میں ایک روپیہ اضافہ نہیں کیا۔  ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا کہ گندم کی سپورٹ پرائس کو 23 فیصد بڑھایا گیا ۔موجودہ دور میں 500 ارب روپے گندم کے کسانوں کو اضافی ملے ہیں۔