باشعور عوام دشمن ممالک کے ناپاک ارادوں کا شکار نہیں بنیں گے ،سنی شیعہ علماء کرام

جمعرات 16 ستمبر 2021 23:53

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 ستمبر2021ء) محرم الحرام کے ایونٹس کی خوش اسلوبی اور امن سے پایہ تکمیل تک پہنچاکر تمام لوگوں نے مثبت کردار ادا کیا اور اس کے بخیر اختتام میں شیعہ و سنی علمائے کرام، عمائدینِ علاقہ، پولیس اور عوام نے جس محبت اور تعاون کا مظاہرہ کیا یقینا داد کے مستحق ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر ڈیرہ ڈویژن عامر لطیف نے محرم الحرام کے پرُامن انعقاد پر سٹیک ہولڈرز کو دیئے گئے ظہرانے سے قبل منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

کمشنر نے کہا کہ اگرچہ دشمن ممالک مختلف ناپاک ارادوں کے ساتھ شیعہ و سنی فسادات کو بڑھکانے میں لگے ہیں تاہم ہمارے باشعور عوام ان لوگوں کے جھانسوں میںنہیں آئینگے اور اپنے ملک کی بہتر مفادات کا تحفظ یقینی بنا کر اپنے مسلمان بھائیوں سے محبت اور ایثار کے جذبے کو پروان چڑھا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں رہنے والے سب ایک گلدستے کے مختلف پھول ہیں اور انشاء اللہ آئندہ بھی بھائیوں کی طرح ملک کے مفاد اور ایک دوسرے کا خیال رکھیں گے۔

اس موقع پر تمام شیعہ و سنی علمائے کرام نے اس عہد کا اعادہ کیا کہ کسی کو بھی امن خراب کر نے کی اجازت نہیں دی جائے اور ایک دوسرے کے حقوق کا خاص خیال رکھا جائے گا۔ سیکورٹی کے بہتر انتظامات اور پولیس ڈیپارٹمنٹ کی انتھک محنت کو بھی سراہا گیا کہ جس سے محرم الحرام خوش اسلوبی سے گزر گیا۔ ریجنل پولیس آفیسرڈیرہ شوکت عباس نے کہا کہ پولیس ہمیشہ کی طرح اپنے فرائض منصبی کو بہتر انداز میں ادا کر ے گی اور اس ضمن کسی بھی قسم کی کوتاہی نہیں ہوگی۔ بعدازاں سابقہ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نعمان افضل آفریدی کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا گیااور ان کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا کرائی گئی