کوٹلی: سید علی گیلانی کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد

اتوار 19 ستمبر 2021 20:50

کوٹلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2021ء) جموںوکشمیر فریڈ م موومنٹ کے زیر اہتمام بزرگ حریت قائد سید علی گیلانی کی یاد میں آزاد جموںوکشمیر کے شہر کوٹلی میں ایک تعزیتی ریفرنس منعقدہوا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ریفرنس کی صدارت جموںوکشمیر فریڈم موومنٹ کوٹلی شہر کے صدر شاہذیب خان نے کی۔

(جاری ہے)

ریفرنس میں جموںوکشمیر پیر پنجال پیس فائونڈیشن کے نائب چیئرمین ایڈووکیٹ محمود اختر قریشی ، جماعت اسلامی کے رہنما حبیب الرحمن آفاقی ، مسلم لیگ کے رہنما مشتاق احمد ، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما چودھری ظہیر، امتیاز کشمیری اور دیگر سیاسی، سماجی اور سول سوسائٹی کی تنظیمون کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

مقررین نے اس موقع پر تحریک آزادی میں گراں قدر خدمات پر سید علی گیلانی کوشاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے بس نہیں کہ وہ کشمیریوں کی تحریک آزادی کو کچل سکے کیونکہ اب ہر گھر میں سید علی گیلانی پیداہو چکے ہیں جو ان کے مشن کو ہر صورت پایہ ء تکمیل تک پہنچائیں گے۔ محمود اختر قریشی نے سید علی گیلانی کی قربانیوں، بھارتی جیلوں اور گھر میں انکی نظربندیوں کی ایک طویل تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ شہید قائد کو بہترین خراج عقیدت یہ ہے کہ ان کے مشن کو مقصد کے حصول تک جاری رکھا جائے۔