کینیڈا انتخابات: جسٹن ٹروڈو ایک بار پھر کامیاب

جسٹن ٹروڈو کا تیسری بار وزیراعظم بننے کا واضح امکان ہے

منگل 21 ستمبر 2021 11:56

کینیڈا انتخابات: جسٹن ٹروڈو ایک بار پھر کامیاب
اوٹاوا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2021ء) جسٹن ٹروڈو کا تیسری بار وزیراعظم بننے کا واضح امکان ہے۔حکمراں جماعت لبرلز کی ایک بار پھر اقلیتی حکومت بنانے کے لیے تیار ہے، جسٹن ٹروڈو کی لبرل پارٹی 155 نشستوں کیساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے۔انتخابات میں کنزرویٹوپارٹی 121 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پرجبکہ حکومت بنانے والی جماعت کو 170نشستیں حاصل کرنا ہوں گی۔

یاد رہے کہ کینیڈین ایوان میں 338 نشستیں ہیں۔ دوسری جانب کینیڈا کی اہم اپوزیشن پارٹی کنزرویٹو نے شکست تسلیم کرلی ہے۔کینیڈا میں الیکشن دو سال بعد ہونے تھے مگر جسٹن ٹروڈو کے اعلان کے بعد 20 ستمبر کو قبل از وقت الیکشن منعقد کیے گئے۔ جسٹن ٹروڈو نے حکومت میں عددی برتری حاصل کرنے کیلئے ملک میں قبل ازوقت الیکشن کروانے کا اعلان کیا تھا۔

(جاری ہے)

جسٹن ٹروڈو ، جن کی لبرل پارٹی نے 2015 میں اکثریت حاصل کی تھی لیکن 2019 کے الیکشن میں انہوں نے 157 نشستیں جیت کر اتحادی حکومت بنائی تھی ،اب وہ امید کررہے ہیں کہ وہ اس الیکشن میں اکثریت واپس حاصل کرلیں گے۔

واضح رہے کہ کینیڈا کے پارلیمانی انتخابات میں پاکستانی کمیونٹی کی سیاسی شخصیات بھی انتہائی فعال رہیں۔عام انتخابات میں لبرلز، کنزرویٹو، این ڈی پی، گرینز اور پیپلز پارٹی آف کینیڈا کے 20 پاکستانی امیدواروں نے حصہ لیا۔