اب ہم اپنی شرائط پر انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کو بلائیں گے :رمیز راجہ

اگر ہمیں بلاک بنا کر روکا گیا تو ہم بھی مستقبل میں کسی کا لحاظ نہیں کریں گے : چیئرمین پی سی بی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 22 ستمبر 2021 13:14

اب ہم اپنی شرائط پر انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کو بلائیں گے :رمیز راجہ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22 ستمبر 2021ء ) چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ اورانگلینڈ کرکٹ ٹیموں نے 2022ء میں دوبارہ آنا ہے، اب پی سی بی کا چیئرمین سابق کرکٹر ہے، ہم اپنا بیک اپ پلان تیاررکھیں گے اور اپنی شرائط پر ان کو بلائیں گے۔ ایک انٹرویو میں چیئرمین پی سی بی رمیزراجہ کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم پاکستان سے بھاگی جبکہ انگلینڈ نے بہانہ کیا، سکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں، آئی سی سی میں اپنا موقف بھرپور انداز میں پیش کروں گا۔

انہوں نے کہا لوگ جانتے ہیں کہ میرا جذبہ ایک اور طرح کا ہے ، چاہتا ہوں کہ کپتان مضبوط ہو، اگر آپ ایک اوسط درجے کی ٹیم بن کر رہیں گے تو چیف سلیکٹر اور چیئرمین بورڈ آپ پر حاوی ہوجائے گا۔ رمیز راجہ نے کہا اگر آپ ٹاپ ٹیم ہیں تو کسی کا دماغ خراب نہیں کہ آپ سے آکر کوئی بات کرے، اتنا بڑا عہدہ ملا ہے، چھوٹی حرکت نہیں کروں گا۔

(جاری ہے)

چیئرمین پی سی بی نے گزشتہ روز بھی کہا تھا کہ نیوٹرل وینو پر ہم نہیں جائیں گے، وینیو پاکستان ہی رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بلاک بنے ہوئے ہیں ، ایک نے پل آئوٹ کیا، دوسرے نے بھی کر دیا ، آگے بھی ہوسکتے ہیں، اگر ہمیں اسی طرح بلاک بنا کر روکا گیا تو ہم بھی آگے چل کر کسی کا لحاظ نہیں کریں گے۔