پیاز کی پنیری کی کھیتوں میں منتقلی سے قبل زمین کو اچھی طرح تیار کرنے کی ہدایت

بدھ 22 ستمبر 2021 14:34

پیاز کی پنیری کی کھیتوں میں منتقلی سے قبل زمین کو اچھی طرح تیار کرنے ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2021ء) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو 30ستمبر تک پیاز کی پنیری کی کھیتوں میں منتقلی سے قبل زمین کو اچھی طرح تیار کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار زمین کی تیاری کیلئے پہلے مٹی پلٹنے والا ہل چلائیں اور بعد ازاں 2مرتبہ کلٹیویٹر چلا کر زمین کو کھلا چھوڑ دیاجائے اور اس میں 20کلو گرام یوریا کھاد ڈال کر زمین کو پانی لگادیاجائے جبکہ وتر آنے پر زمین میں ہل چلا کر اسے سہاگہ سے نرم و ہموار کرلیا جائے تاکہ پیاز کی اچھی فصل حاصل ہو سکے۔

محکمہ کے ترجمان نے کہاکہ کاشتکار پیاز کی پنیری کی کھیتوں میں منتقلی کے وقت ایک سے ڈیڑھ بوری ڈی اے پی اور ایک بوری پوٹاش فی ایکڑ ڈال کر 75 سے 80 سینٹی میٹر کے فاصلے پر کھیلیاں بنا لیں اور پودے کھیلیوں کے دونوں اطراف 10سینٹی میٹر کے فاصلے پر لگانے کے بعد آبپاشی کاسلسلہ شروع کردیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ فصل کو7 سی8 دن کے وقفہ سے مسلسل 3مرتبہ پانی لگانا چاہیے تاہم اس کے بعد آبپاشی کاوقفہ بڑھایا جاسکتاہے۔

انہوں نے کہاکہ پنیری کی منتقلی کے 20 سی25 روز بعد کھیتوں میں ایک بوری امونیم سلفیٹ یا آدھی بوری یوریا کھاد فی ایکڑ ڈال کر آبپاشی کر دینی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ کھیت میں نرسری کی منتقلی سے پہلے اسے پانی کی فراہمی روک دینی چاہیے تاکہ نرسری سخت جان ہو جائے اور پنیری کھیت میں منتقل کرتے وقت اس کی جڑوں کو ٹوٹنے سے بچایاجاسکے۔انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں مزید رہنمائی کیلئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی خدمات سے بھی استفادہ کیاجاسکتاہے۔

متعلقہ عنوان :