ایم کیو ایس سی کے تحت مہنگائی، بیروزگاری کے عدم خاتمے کیخلاف مظاہرہ

روٹی روزگار سمیت استحکام فراہم کرنا ریاست، حکومت دونوں کی ذمہ داری ہے، اسلم فاروقی

بدھ 22 ستمبر 2021 22:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2021ء) بانیان پاکستان کی اولادوں کی سرگرم تنظیم محب قومی سماجی کونسل (ایم کیو ایس سی)پاکستان کے چیئرمین، ہیومن رائٹس ایکٹوسٹ اور 2013 کے عام انتخابات میں این اے 240 کراچی کے سابق امیدوار ممبر قومی اسمبلی محمد اسلم خان فاروقی نے کہا ہے کہ عوام کو روٹی ، روزگار سمیت معاشی استحکام فراہم کرنا ریاست اور حکومت دونوں کی ذمہ داری ہے اور یہ بنیادی حقوق کا اہم حصہ ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم کیو ایس سی کے تحت مہنگائی اور بے روزگاری کے عدم خاتمے کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر منعقدہ احتجاجی مظاہرے کی قیادت کرتے ہوئے کیا اسلم خان فاروقی نے کہا کہ ملک بھر میں مہنگائی اور بیروزگاری عروج پر ہے لیکن حکمران نہ تو روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں کو قابو کررہے ہیں اور نہ ہی نوجوانوں کو بیروزگاری کے طوفان سے نکالنے کے لیے مثر اقدامات کررہے ہیں جو نہایت پریشانی کی بات ہے انہوں نے کہا کہ موجودہ مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کا معاملہ اس نہج پر پہنچ چکا ہے کہ غریب آدمی کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل ہو گیا ہے مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ حکمران خوف خدا کریں اور مہنگائی و بے روزگاری کے سدباب کے لیے فی الفور ٹھوس اقدام اٹھائیں مظاہرے میں حکیم محمد شعیب قریشی، محب محمد اجمل، دلشاد علی انصاری، ماسٹر اسلم، رشید فضل، ایڈوکیٹ ناصر رضوان خان، اسلم رامپوری، حاجی شریف الدین، حاجی شہاب الدین عبدالعزیز منگریو و دیگر شریک تھے۔