احتساب عدالت لاہور، خواجہ برادران کے خلاف پیراگون ریفرنس سماعت 12 اکتوبر تک ملتوی

جمعرات 23 ستمبر 2021 16:11

احتساب عدالت لاہور، خواجہ برادران کے خلاف پیراگون ریفرنس    سماعت 12 ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2021ء) لاہور کی احتساب عدالت  نے مسلم لیگ ن کے رہنمائوں خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کیخلاف پیراگون ہائو سنگ سوسائٹی ریفرنس کی سماعت 12 اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے استغاثہ کے گواہان کو بیانات قلمبند کرانے کے لیے دوبارہ طلب کرلیا۔احتساب عدالت کے جج نسیم احمد ورک نے کیس پر سماعت کی ۔

جمعرات کے روز عدالتی سماعت پر سابق وفاقی وزیر ریلوے و ممبر قومی اسمبلی خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق ایم پی اے پیش ہوئے اور اپنی حاضری مکمل کروائی۔نیب کے گواہ پیش نہیں ہوئے جس پر نیب کے وکیل نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی۔عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب کے دو گواہوں کو بیانات قلمبند کرانے کیلئے طلب کرتے ہوئے سماعت 12 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

(جاری ہے)

خواجہ برادران کی پیشی کے موقع پرسکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔عدالت کے روبرو پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی ریفرنس کیس میں اب تک 9 گواہان اپنے بیانات قلمبند کروا چکے ہیں، خواجہ برادران کے خلاف مجموعی طور پر 130 گواہان بیان قلمبند کروائیں گے۔نیب کے استغاثہ کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے اپنی اہلیہ، بھائی سلمان رفیق، ندیم ضیااور قیصر امین بٹ سے مل کر ایئر ایونیو سوسائٹی بنائی، جس کا نام بعد میں تبدیل کرکے پیراگون رکھ دیا گیا۔

نیب کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی ہائو سنگ سوسائٹی کی تشہیر کی اور ساتھیوں کے ساتھ مل کر عوام کو دھوکہ دیا اور اربوں روپے کی رقم بٹوری۔نیب کے مطابق ملزمان کے نام پیراگون میں 40 کنال اراضی موجود ہے جبکہ پیراگون اسکینڈل کیس میں نیب کی جانب سے خواجہ سعد رفیق، خواجہ سلمان رفیق سمیت پانچ ملزمان کے خلاف اکتیس مئی دو ہزار انیس کو ریفرنس دائر کیا گیا ۔خواجہ برادرن کے خلاف پیراگون ریفرنس میں  فرد جرم عائد کی جاچکی ہے ۔نیب ریفرنس میں پیراگون سوسائٹی میں سادہ لوح شہریوں سے انسٹھ کروڑ کے فراڈ کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ اس کیس میں سپریم کورٹ نے خواجہ سعد رفیق، خواجہ سلمان رفیق کی ضمانتیں لی ہیں ۔