امریکا نے اسرائیل کے دفاع کے لیے مزید رقم منظور کر لی

DW ڈی ڈبلیو جمعہ 24 ستمبر 2021 11:40

امریکا نے اسرائیل کے دفاع کے لیے مزید رقم منظور کر لی

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 24 ستمبر 2021ء) امریکی ایوان نمائندگان کانگریس نے 23 ستمبر جمعرات کے روز بھاری اکثریت سے اس بل کو منظور کر لیا جس میں اسرائیل میں تعمیر ہونے والے آئرن ڈوم میزائل دفاعی نظام کے لیے ایک ارب ڈالر کی اضافی رقم دینے کی بات کہی گئی ہے۔

ابتدا میں بعض ڈیموکریٹک ارکان کے اعتراض کی وجہ سے اس بل کو واپس لے لیا گیا تھا تاہم اس اقدام کو اسرائیل کے تئیں امریکی حمایت میں خاتمے کے اشارے کے طور دیکھا گیا اور اس پر شدید نکتہ چینی ہوئی، جس کے بعد اس بل کو کسی ترمیم کے بغیر دوبارہ پیش کیا گیا تھا۔

اس بل کی حمایت میں 420 ارکان نے ووٹ کیا جبکہ نو ارکان نے اس کی مخالفت کی۔ اب اسے ایوان بالا یعنی سینیٹ میں حتمی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا جہاں اس کی منظوری کے قوی امکان ہیں۔

(جاری ہے)

صدر جو بائیڈن اسرائیل کی اضافی امداد کا پہلے ہی وعدہ کر چکے ہیں اور واضح کیا ہے کہ ان کی دستخط کے بعد اسرائیل کے دفاع کے لیے یہ اضافی رقم اسے مہیا کر دی جائے گی۔

اسرائیل سے متعلق یہ اقدام ایک ایسے وقت کیا گیا ہے جب امریکا میں بعض اعتدال پسند ڈیموکریٹک ارکان جو بائیڈن پر اس بات کے لیے سخت زور دے رہے ہیں کہ اسرائیل کو دی جانے والی امداد کو انسانی حقوق کے ریکارڈ سے مشروط کرنے کی ضرورت ہے۔

اسرائیل نے امریکی حمایت کا شکریہ ادا کیا

امریکا کئی برسوں سے اسرائیل کے میزائل دفاعی نظام کی ترقی میں مدد کر تا رہا ہے۔

یہ نظام اسرائیل کی طرف داغے جانے والے راکٹوں کو روکنے میں انتہائی کارآمد ثابت ہوا ہے۔

اسرائیلی وزیر اعظم نیفتالی بینیٹ نے اضافی رقم کے بل کی منظوری کے لیے کانگریس کے ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا، ''جو لوگ اس حمایت کو چیلنج کرنے کی کوشش کرتے ہیں، انہیں آج زبردست جواب ملا ہے۔ امریکی عوام اور ان کے نمائندوں کی مضبوط دوستی کے لیے اسرائیلی عوام ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔''

ص ز/ ج ا (اے پی، روئٹرز)