مستونگ؛ سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں کالعدم تنظیم کا صوبائی امیر مارا گیا

ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز اور عام شہریوں پر متعدد حملوں میں ملوث تھا ، کارروائی کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 26 ستمبر 2021 10:52

مستونگ؛ سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں کالعدم تنظیم کا صوبائی امیر ..
کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 26 ستمبر 2021ء ) صوبہ بلوچستان کے علاقہ مستونگ میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں کالعدم تنظیم کا صوبائی امیر ہلاک ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق فورسز کی جانب سے بلوچستان میں مستونگ کے علاقے کانک میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ، جس کے نتیجے میں کالعدم تنظیم کا صوبائی امیر ہلاک ہوگیا اس دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

بتایا گیا ہے کہ ہلاک دہشت گرد کی شناخت ممتاز کے نام سے ہوئی جو کہ سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں اور عام شہریوں پر متعدد حملوں میں ملوث تھا۔ مزید برآں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے علاقے خاران میں خفیہ اطلاع پر ایف سی نے آپریشن کیا، فورسز نے آپریشن کے دوران چھ دہشتگرد ہلاک کردیے، ہلاک دہشتگردوں میں ان کے دو کمانڈر بھی شامل ہیں،دہشتگردوں کے 2 کمانڈر گل میر عرف پلن اور کلیم اللہ بولانی ہلاک کردیے گئے، فورسز نے آپریشن کے دوران بھاری اسلحہ اور گولہ بارود بھی قبضے میں لے لیا ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ خاران کے قریب آپریشن دہشتگردوں کے خفیہ ٹھکانے پر کیا گیا۔ علاوہ ازیں صوبہ بلوچستان کے علاقے تربت میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرکے3 مبینہ خودکش بمبار گرفتار کرلیے، گرفتار دہشتگردوں سے اسلحہ اور بارود برآمد ہوا، گرفتار دہشتگرد غیرملکیوں کے قافلے پر خودکش حملے کی سہولتکاری میں ملوث تھے ، تربت میں سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاعات پر دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کی، سی ٹی ڈی نے کاروائی کے دوران 3 مبینہ خودکش بمبار گرفتار کرلیے ہیں، گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور بارود برآمد ہوا ہے، گرفتار دہشتگرد غیرملکیوں کے قافلے پر خودکش حملے کی سہولت کاری میں ملوث تھے۔