سعودی عرب میں غیرملکی ملازمین کے قوانین سے متعلق اہم وضاحت جاری

کمپنی یا دیگر ملازمت کے مراکز پر ‘ڈیوٹی ڈسپلن’ کے قانون کی دفعہ 20 میں ملازم کے خلاف دعویٰ بے اثر ہونے کی 3 صورتوں کی نشاندہی کردی گئی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 26 ستمبر 2021 14:03

سعودی عرب میں غیرملکی ملازمین کے قوانین سے متعلق اہم وضاحت جاری
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 26 ستمبر 2021ء ) سعودی عرب میں غیرملکی ملازمین کے قوانین سے متعلق جاری کی گئی وضاحت میں کمپنی یا دیگر ملازمت کے مراکز پر ‘ڈیوٹی ڈسپلن’ کے قانون کی دفعہ 20 میں ملازم کے خلاف دعویٰ بے اثر ہونے کی 3 صورتوں کی نشاندہی کردی گئی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ‘ڈیوٹی ڈسپلن’ کے قانون کی دفعہ 20 کے تحت اگر کسی ورکر کی موت واقع ہوجائے یا جسمانی طور پر اس قدر معذور ہوجائے کہ اس سے پوچھ گچھ مشکل ہو اور میڈیکل رپورٹ سے اس کی تصدیق بھی ہوجائے تو اس صورت میں کارکن کے خلاف دائر ڈیوٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کا دعویٰ بے اثر ہوجائے گا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر ڈیوٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر دو سال تک کچھ نہ کہا گیا ہو تو ایسی صورت میں بھی ملازم پر دعویٰ بے اثر مانا جائے گا ، اسی لیے مذکورہ دورانیہ کے اندر ورکر کے خلاف قانون چارہ جوئی کرنا ضروری ہے کیوں کہ سعودی عرب میں ڈیوٹی ڈسپلن قانون کی دفعہ 5 کے تحت جس ملازم کی بابت مالیاتی یا انتظامی خلاف ورزی یا چال چلن کی خلاف ورزی ثابت ہوجائے تو اس کے خلاف کارروائی ہوگی ، ڈیوٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر ملازمین کے تنخواہوں سے کٹوتیاں ہوتی ہیں اس کے علاوہ ورکر کی ترقی بھی روکی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں سعودی عرب جانے کے خواہشمند پاکستانی شہریوں کو مملکت آنے کا حل بتادیا گیا ، سعودی عرب آمد سے قبل 14 دن کسی دوسرے ملک میں قیام کریں، مملکت آنے سے کم از کم 72 گھنٹے قبل پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہو گا ، سعودیہ عرب آنے کے بعد ایک بوسٹرڈوز لگانی ہوگی ، ممنوعہ ممالک جہاں سے مسافروں کے براہ راست مملکت آنے پر پابندی ہے ، ایسے ملک سے آنے والے افراد مملکت آمد سے قبل 14 دن کسی دوسرے ملک میں قیام کریں ، وہاں سے ممکت آئیں تاہم آنے سے کم از کم 72 گھنٹے قبل پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہو گا ، ایسے افراد جنہوں نے سعودی عرب میں لگائی جانے والی کورونا ویکسین نہیں لگوائی بلکہ ڈبلیو ایچ او سے منظور شدہ کو ئی بھی ویکسین لگوائی ہے اور وہ سعودی عرب میں نہیں لگائی جاتی تو انہیں مملکت آنے کے بعد ایک بوسٹرڈوز لگانی ہوگی۔