پی ایف یو جے (پرفیشنل) بدنیتی پر مبنی کسی منصوبے کا حصہ نہیں بنے گی،مظہر اقبال

صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے کھڑے ہونگے،علاقائی صحافیوں کی عزت اور وقار کو یقینی بنائینگے،صدر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پروفیشنل)

پیر 27 ستمبر 2021 01:40

وزیرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2021ء) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پروفیشنل) کے صدر مظہر اقبال نے کہا ہے کہ پی ایف یو جے (پرفیشنل) بدنیتی پر مبنی کسی منصوبے کا حصہ نہیں بنے گی۔صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے کھڑے ہونگے۔پاکستان کے نوجوانوں اور نو آموز صحافیوں کامستقبل غیر یقینی ہے۔ مولانا ظفر علی خان کے شہر میںپریس کلب کی عمار ت نہ بنی تو احتجاج اور دھرنے کا آپشن استعمال کرینگے۔

علاقائی صحافیوں کی عزت اور وقار کو یقینی بنائینگے۔وہ یہاں پریس کلب وزیرآباد کے دفتر میں مقامی صحافیوں سے خطاب کر رہے تھے۔ نشست کا اہتمام ایک کرائے کی عمار ت میں کیا گیا تھا۔ان کے ہمراہ ندیم اختر بھی موجود تھے۔نشست کی صدارت صدر پریس کلب وزیرآباد افتخار احمد بٹ نے کی۔

(جاری ہے)

مظہر اقبال نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں کے ساتھ عام طور پر اورنئے صحافیوں کے ساتھ خاص طور نا انصافی ہو رہی ہے۔

علاقائی صحافیوں کی محنت سے بڑے بڑے ہائوسز تو قائم کر لئے گئے لیکن صحافیوں کی روٹی روزی کا خیال نہیں کیا جاتا۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ چھوٹا یا بڑا صحافی کہیں بھی شکائت نہیں کر سکتا۔ صحافی تنظیموں نے میڈیا انڈسٹری کے لئے کوئی قابل ذکر کام نہیں کیا۔ پاکستان میڈیا ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے مسودے میں بعض مثبت پہلو بھی ہیں جن کو عام ہونا اور ان پر بحث ہوناچاہئے ۔

صحافی بد نیتی پر مبنی کسی منصوبے کا حصہ نہیں بن سکتے ۔ تمام صحافیوں بشمول علاقائی صحافیوںکے حقوق کا تحفظ کرینگے جن کے خون پسینے کی محنت سے صحافت ایک ستون کی حیثیت رکھتی ہے۔بعض عناصر نے صحافت کو ایسے مقام پر لاکھڑا کیا ہے جہاں اس کا مستقبل غیریقینی نظر آرہا ہے۔انہوں نے کہاکہ سرکاری اراضی قبضہ گروپ تو لے جاتے ہیں لیکن مولانا ظفر علی خان کے شہر میں پریس کلب کی باقاعدہ عمارت نہ بن پائی۔

انہوںنے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالا سے مطالبہ کیا کہ وزیرآباد میں پریس کلب کی عمارت کے لئے جگہ کا تعین اور صحافیوں کے لئے کالونی کا اعلان کیا جائے بصورت دیگر پی ایف یو جی(پرفیشنل)اور مقامی صحافی احتجاج کرینگے اور ضرورت پڑی تو دھرنابھی دینگے ۔بعدازاں انہوں نے وزیرآباد کے لئے پی ایف یو جے (پروفیشنل) کی عبوری باڈی کا بھی اعلان کیا جس کے مطابق عقیل احمد خان لودھی صدر، عتیق الرحمان مہر سینئر نائب صدر، حامد منظور سینئر نائب صدر، منظور حسین پھول نائب صدر، بلال احمد خان لودھی نائب صدر، شہباز احمد بخاری جنرل سیکریٹری، عابد پرویز جوائنٹ سیکریٹری اور ساجد حسین بٹ فنانس سیکریٹری شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :