وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کو نااہل قرار دینے کی درخواست مسترد

مراد علی شاہ نے الیکشن میں دہری شہریت چھپائی تھی، درخواست گزار کا موقف

منگل 28 ستمبر 2021 12:08

وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کو نااہل قرار دینے کی درخواست مسترد
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2021ء) سندھ ہائی کورٹ نے وزیراعلی مراد علی شاہ کو نااہل قرار دینے کی درخواست مسترد کردی۔منگل کوسندھ ہائی کورٹ میں چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ احمدعلی ایم شیخ کی سربراہی میں 2رکنی بینچ نے حلیم عادل شیخ کی درخواست پر فیصلہ سنایا، عدالت نے درخواست کو ناقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کردیا ہے۔

عدالت نے درخواست کو ابتدائی سماعت میں ہی ناقابل سماعت قرار دے دیا، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نی16ستمبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔فیصلہ سنائے جانے کے موقع پر حلیم عادل شیخ اور ان کے وکلا عدالت میں موجود نہیں تھے۔حلیم عادل شیخ نے اپنی درخواست میں موقف اپنایا تھا کہ 2013 میں مراد علی شاہ نے اپنی دوہری شہریت چھپائی ہے جس کے بعد انہیں سپریم کورٹ نے بھی نااہل قرار دیا تھا۔

(جاری ہے)

اسکے بعد انہوں نے ایک ضمنی انتخاب میں حصہ لیا جس میں جھوٹا حلف نامہ جمع کروایا۔درخواست گزار کے مطابق مراد علی شاہ آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہیں اترتے جس کی وجہ سے وہ صادق الامین نہیں رہے لہٰذا انہیں نااہل قرار دیا جائے۔عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ حلیم عادل شیخ کی درخواست قابل سماعت نہیں جبکہ اس حوالے سے سپریم کورٹ اپنا فیصلہ جاری کر چکی ہے۔