ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ، ثقلین مشتاق سپورٹ سٹاف ہیڈ کیلئے مضبوط امیدوار

ثقلین مشتاق کی گزشتہ روز چیئرمین رمیز راجہ سے بھی ملاقات ہوئی تھی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 30 ستمبر 2021 12:07

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ، ثقلین مشتاق سپورٹ سٹاف ہیڈ کیلئے مضبوط امیدوار
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 30 ستمبر 2021ء ) ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سپورٹ سٹاف کے ہیڈ کا فیصلہ اگلے 2 سے 3 روز میں ہوگا، سپورٹ سٹاف ہیڈ کے لیے ثقلین مشتاق مضبوط امیدوار ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے سپورٹ سٹاف کے ہیڈ کی تقرری کرنی ہے۔ سپورٹ سٹاف میں مصباح الحق اور وقار یونس کے دستبردار ہونے کے بعد سابق آسٹریلین اوپنر میتھیو ہیڈن اور سابق پروٹیز فاسٹ بائولر ورنن فلینڈر کی خدمات پہلے ہی حاصل کی جا چکی ہیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین رمیز راجہ نے مقامی سپورٹ سٹاف ہیڈ مقرر کرنے کے لیے کہا تھا، اس پوزیشن کے لیے 44 سالہ ثقلین مشتاق مضبوط امیدوار ہیں۔ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں ہیڈ آف انٹرنیشنل پلیئر ڈیولپمنٹ ثقلین مشتاق اور عبدالرزاق کو نیوزی لینڈ سیریز کے لیے عارضی کوچ مقرر کیا گیا تھا اور اب ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے ثقلین مشتاق کو سپورٹ سٹاف ہیڈ مقرر کیا جا سکتا ہے، ثقلین مشتاق کی گزشتہ روز چیئرمین رمیز راجہ سے بھی ملاقات ہوئی تھی۔