پنجاب میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے نتائج جاری کرنے کی تاریخوں کا اعلان

میٹرک کے نتائج کا اعلان 16 اکتوبر اور انٹرمیڈیٹ کے نتائج کا اعلان 14 اکتوبر کو کیا جائے گا، تمام تعلیمی بورڈز کو نتائج کا اعلان کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے۔ محکمہ ہائرایجوکیشن پنجاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 13 اکتوبر 2021 19:01

پنجاب میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے نتائج جاری کرنے کی تاریخوں کا اعلان
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13 اکتوبر2021ء) پنجاب میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے نتائج جاری کرنے کی تاریخوں کا اعلان کردیا گیا، میٹرک کے نتائج کا اعلان 16 اکتوبر اور انٹرمیڈیٹ کے نتائج کا اعلان 14 اکتوبر کو کیا جائے گا، تمام تعلیمی بورڈز کو نتائج کا اعلان کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ ہائرایجوکیشن پنجاب نے تمام تعلیمی بورڈز کو کل انٹرمیڈیٹ کے نتائج کا اعلان کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں، ایچ ای سی نے تمام تعلیمی بورڈز کو ہدایت کی ہے کہ پنجاب میں میٹرک کے نتائج  کا اعلان 16 اکتوبر کو شام 5 بجے کیا جائے گا، اسی طرح پنجاب میں انٹرمیڈیٹ کے نتائج کا اعلان 14 اکتوبر کو شام 5 بجے کیا جائے گا۔

یاد رہے گزشتہ روز  وزیر اعلیٰ پنجاب نے گریس مارکس دینے اور رزلٹ کے اعلان سے متعلق پالیسی کی منظوری دی تھی، حکومت کی جانب سے ایچ ای سی کو48 گھنٹوں میں رزلٹ جاری کرنے کا حکم دے دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

پنجاب کے تعلیمی و ثانوی بورڈز نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ جماعتوں کے نتائج تیار کرلیے تھے لیکن کابینہ سے پالیسی کی منظوری کا انتظار کیا جارہا تھا، لیکن گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب نے  میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے گریس مارکس سے متعلق سمری کی منظوری دی۔

صوبائی کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے رزلٹ کے اعلان سے متعلق پالیسی کی بھی منظوری لی گئی۔ حکومت نے کورونا وباء کے باعث گریس مارکس کی پالیسی بنائی تھی جس کی وزیراعلیٰ نے منظوری دے دی۔ واضح رہے کورونا وباء کے پھیلاؤ میں کمی کے باعث ملک بھر میں سو فیصد تعداد اور معمول کے مطابق تمام تعلیمی ادارے کھول دیے گئے۔ محکمہ تعلیم پنجاب کے نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ سکول معمول کے مطابق کھلیں گے، طلباء کی 50 فیصد حاضری کی بجائے مکمل حاضری کو یقینی بنایا جائے گا۔پیر سے سکولوں میں معمول کے مطابق تمام تدریسی و غیرتدریسی سرگرمیوں کی اجازت ہوگی۔