ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کی بھی معاونت کی جائے، چیئر پرسن کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ

جمعہ 15 اکتوبر 2021 12:10

ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کی بھی معاونت کی جائے، چیئر پرسن  کارپٹ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2021ء) آئی ٹی انڈسٹری کیلئے 6 ارب روپے کے پیکیج کی طرز پر ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کی بھی معاونت کی جائے، لاکھوں ہنر مندوں کا روزگار بچانے کیلئے طورخم کے راستے آنے والے خام مال پر عائد ٹیکسز میں چھوٹ دی جائے۔ کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف نے کہا ہے کہ حکومت برآمدات کیلئے آئی ٹی انڈسٹری کیلئے 6 ارب روپے کے پیکیج کی طرز پر ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کی بھی معاونت کرے  اور برآمدات کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کے لئے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک، وائس چیئرمین اعجازالرحمان، سینئر ایگزیکٹو ممبر ریاض احمد، سعید خان، دانیال حنیف اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کارپٹ انڈسٹری کو درپیش مسائل کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پرویز حنیف نے کہا کہ حکومت کا آئی ٹی کی برآمدی انڈسٹری کو سپورٹ فراہم کرنے کا اقدام خوش آئند ہے۔

موجودہ حالات میں پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں کی انڈسٹری بد ترین حالات سے دوچار ہے اور اگر حکومت برآمدات کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے ساتھ اس طرز پر معاونت فراہم کرے تو ماضی کی طرح اس انڈسٹری کی برآمدات دوبارہ عروج حاصل کر سکتی ہیں۔ پرویز حنیف نے کہا کہ خاص طور پر طورخم کے راستے آنے والے جزوی تیار خام مال پر عائد ٹیکسز میں چھوٹ دی جائے تاکہ اس انڈسٹری سے وابستہ لاکھوں ہنر مندوں کے روزگار کو تحفظ حاصل رہے۔

متعلقہ عنوان :