Live Updates

سابق دور میں معیشت کو دیمک زدہ کر نے کے باوجود ترقی کا ڈھنڈورا پیٹا گیا ‘ہمایوں اخترخان

عمران خان نے ڈنگ ٹپائو کے ذریعے پانچ سال پورے کرنے کی بجائے بیگاڑ کو درست کرنے کا مشکل فیصلہ کیا

ہفتہ 16 اکتوبر 2021 12:29

سابق دور میں معیشت کو دیمک زدہ کر نے کے باوجود ترقی کا ڈھنڈورا پیٹا ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2021ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ پاکستان پیٹرولیم اورخوردنی تیل سمیت متعدد اشیاء درآمد کرتا ہے اور عالمی منڈیوںمیں قیمتوںمیںاضافے کے رجحان کے اثرات یہاں بھی مرتب ہو رہے ہیں،تحریک انصاف کو جب ملک کی باگ ڈورملی تو اس وقت یہ دیوالیہ ہونے کے قریب تھا لیکن وزیر اعظم عمران خان نے نیک نیتی اوربھرپور عزم سے ملک کو مشکل حالات سے باہر نکالا،جیسے جیسے معیشت مضبوط ہو گی اس کے مثبت اثرات عوام کی زندگیوںمیںبھی نمایاںہوں گے۔

اپنے ایک بیان میںانہوںنے کہا کہ سابقہ حکمران ملک کو اس نہج پر پہنچاکر گئے جہاں عالمی مالیاتی ادارے سے رجوع کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیںتھا ،سابقہ دور میںمعیشت کو دیمک زدہ کر نے کے باوجود اس کی ترقی کے بے بنیاد دعوے کئے گئے جس کا خمیازہ آج عوام بھگت رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے پاس یہ راستہ بھی موجود تھاکہ وہ ملک کے بیگاڑکو درست کرنے کی بجائے ڈنگ ٹپائو کے ذریعے پانچ سال پورے کر سکتے تھے لیکن انہوں نے فیصلہ کیا کہ ہم نے اپنی سیاست کیلئے ملک کی جڑوں کو مزید کھوکھلا نہیں کرنا اورڈھانچہ جاتی اصلاحات کے مشکل مرحلے کا آغازکیا گیا ۔

انہوںنے کہا کہ موجودہ حکومت نے جو اقدامات شروع کئے ہیں انشااللہ اس کے ثمرات آنے والے سالوں میں سامنے آئیں گے اورعوام تحریک انصاف کی حکومت کو دعائیں دیں گے۔ ہمایوں اخترخان نے کہا کہ پسے ہوئے طبقات کو متاثرہونے سے بچانے کیلئے احساس پروگرام شروع کیا گیا ہے انہیں ٹارگٹڈسبسڈی دے کر ریلیف دیں گے جس کیلئے عملی پیشرفت شروع کر دی گئی ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات