لڑکیوں کے سیکنڈری سکولز کھولنے سے متعلق طالبان کا بڑا اعلان

لڑکیوں اور خواتین کیلئے تعلیمی ادارے کھولنے کی اجازت دیدی جائے گی،ترجمان وزارت داخلہ

پیر 18 اکتوبر 2021 16:38

لڑکیوں کے سیکنڈری سکولز کھولنے سے متعلق طالبان کا بڑا اعلان
کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2021ء) ترجمان طالبان نے کہا ہے کہ لڑکیوں کے سیکنڈری اسکولز بھی جلد کھول دیئے جائیں گے۔قطر ی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے طالبان حکومت کے وزارت داخلہ کے ترجمان نے کہا کہ بہت جلد لڑکیوں کو اسکول جانے کی اجازت دیں گے۔ترجمان سعید خوستی نے مزید کہا کہ لڑکیوں کے سیکنڈری اسکولز کھولنے کی تاریخ کا باضابطہ اعلان وزارت تعلیم جلد ہی ایک پریس کانفرنس میں کرے گی۔

(جاری ہے)

وزارت داخلہ کے ترجمان نے یہ بھی کہا کہ میری معلومات کے مطابق نہ صرف لڑکیوں کے سیکنڈری اسکولز بلکہ یونیورسٹیز بھی کھول دی جائیں گی۔ ملک میں لڑکیوں اور خواتین کو تعلیم کی اجازت ہوسکے گی۔قبل ازیں طالبان نے کہا تھا کہ لڑکیوں کے اسکول کھولنے کے حوالے سے ایک فریم ورک ترتیب دیا جا رہا ہے تاہم سعید خوستی نے یہ نہیں بتایا کہ کن شرائط پر اور اصول و ضوابط پر لڑکیوں کو اسکول جانے کی اجازت دی جائے گی۔واضح رہے کہ دو روز قبل یونیسیف کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل عمر عبدی نے بھی میڈیا سے گفتگو میں بتایا تھا کہ دورہ کابل کے دوران طالبان نے انھیں جلد لڑکیوں کے سیکنڈری اسکولز کھولنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔