تھیٹر کی افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے سعودیہ آنے والے غیرملکی ٹریفک حادثے میں ہلاک

حادثہ مملکت کے صحرائی مقام پر پیش آیا جہاں تیز رفتاری کے باعث کار قلابازیاں کھاتی ہوئی دور جاگری جس کے نتیجے میں کار میں موجود چاروں افراد ہلاک ہوگئے جن میں سے 3 کا تعلق اٹلی سے تھا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 20 اکتوبر 2021 12:35

تھیٹر کی افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے سعودیہ آنے والے غیرملکی ٹریفک ..
ریاض ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 اکتوبر 2021ء ) سعودی عرب میں تھیٹر کی افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے آنے والے 3 غیرملکی ٹریفک حادثے میں ہلاک ہوگئے۔ عرب میڈیا کے مطابق مملکت کے ایک صحرا میں پیش آئے خوفناک ٹریفک حادثے میں اٹلی سے تعلق رکھنے والے 3 نوجوان ہلاک ہوگئے جن کی لاشیں گاڑی کاٹ کر نکالی گئیں۔ بتایا گیا ہے کہ خوفناک حادثہ سعودی عرب کے صحرائی مقام پر پیش آیا جہاں تیز رفتاری کے باعث کار قلابازیاں کھاتی ہوئی دور جاگری جس کے نتیجے میں کار میں موجود چاروں افراد ہلاک ہوگئے جن میں سے 3 کا تعلق اٹلی سے تھا ، جس کی تصدیق اطالوی وزارت خارجہ کی جانب سے ایک بیان میں کی گئی اور کہا گیا ہے کہ مرنے والے تینوں اطالوی نوجوان رقاص تھے ، جن کی عمر 30 سال سے کم تھیں جو ایک تھیٹر کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے سعودی عرب آنے والے اطالوی گروہ میں شامل تھے ، حادثے ہلاک ہونے والے نوجوانوں کی شناخت انتینو، جیمپیرو اور نکولس کے نام سے ہوئی ہے جبکہ چوتھے شخص کا نام معلوم نہیں ہو سکا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے معلوم ہوا ہے کہ نوجوانوں نے چھٹی کے روز صحرا میں سیر وتفریح کا پروگرام بنایا لیکن نامعلوم وجوہات کی بناء پر ان کی گاڑی ایک کھائی میں جا گری اور گرنے کے بعد موقع پر ہی الٹ گئی ، حادثے میں مزید 3 اطالوی باشندے بھی متاثر ہوئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ خیال رہے کہ رواں برس 23 اگست کو بھی ایک حادثہ پیش آیا جس میں وین میں سوار ایک میوزیکل گروپ جو شادی کی تقریب میں پرفارم کرنے جا رہا تھا ، اس کے رکن ایک شخص کی موت واقع ہو گئی جب کہ 4 افراد بُری طرح جھُلس گئے ، یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب جازان کی کمشنری الریث میں ایک چلتی وین میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی جس کی وجہ سے وین میں موجود افراد کو باہر نکلنے کا موقع نہ مل سکا ، آگ کی پکڑ میں آ کر وین میں موجود تمام افراد بُری طرح جھُلس گئے جن میں سے ایک جان گنوا بیٹھا جبکہ پانچ کے جسم بُری طرح جل گئے ، اس وین میں ایک میوزیکل گروپ سوار تھا جس شادی کی ایک تقریب میں پرفارم کرنے کی خاطر جبل القہر جا رہا تھا ، جب اس بدنصیب حادثے کا شکار بن گیا۔

گاڑی میں سوار ایک شخص نے بتایا کہ وہ بھی گاڑی میں سوار تھا جب اچانک گاڑی میں آگ لگ گئی ، اس دوران گاڑ ی کے ڈرائیور ایھاب الجاسر نے چیخ کر کہا کہ سب لوگ گاڑی سے نکل جاؤ ، ابھی اس کے یہ کہنے کی دیر تھی کہ ایک دھماکہ ہوا اور گاڑی سے آگ کے شعلے بلند ہونے لگے جن کی لپیٹ میں گاڑی میں موجود افرا د بھی آ گئے۔