اس بار پاکستان کے بھارت کیخلاف جیت کے زیادہ امکانات ہیں :وریندر سہواگ

بھارتی ٹیم آئی سی سی کے بڑے ایونٹس میں پاکستانی کھلاڑیوں سے بہتر طریقے سے دباؤ سنبھالتی ہے: سابق اوپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 20 اکتوبر 2021 17:02

اس بار پاکستان کے بھارت کیخلاف جیت کے زیادہ امکانات ہیں :وریندر سہواگ
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 اکتوبر 2021ء ) بھارت کے سابق اوپننگ بلے باز وریندر سہواگ کا خیال ہے کہ 20 اوور کا فارمیٹ پاکستان کو بھارت کو شکست دینے کے زیادہ مواقع فراہم کرتا ہے۔ دونوں ٹیمیں 24 اکتوبر کو دبئی سپورٹس سٹی میں آمنے سامنے ہوں گی اور سہواگ کا خیال ہے کہ ٹی 20 فارمیٹ ہمیشہ پاکستان کے لیے موزوں رہا ہے۔ ایک بھارتی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے 43 سالہ وریندر سہواگ نے کہا کہ پاکستان کے پاس ٹی ٹونٹی کرکٹ میں جیت کے ہمیشہ زیادہ مواقع ہوتے ہیں کیونکہ وہ 50 اوور کے طویل فارمیٹ میں اتنا اچھا نہیں کھیل سکتے ،اس فارمیٹ میں ایک کھلاڑی بھی کسی بھی ٹیم کو ہرا سکتا ہے لیکن پھر بھی پاکستان آج تک بھارت کے خلاف ایسا نہیں کر پایا ، ہم دیکھیں گے 24 تاریخ کو کیا ہوتا ہے ۔

قومی ٹیم آج تک کسی بھی ورلڈ کپ مقابلے میں بھارت کو شکست نہیں دے سکی ہے ۔

(جاری ہے)

وریندر سہواگ نے کہا کہ ہم پچھلے کئی سالوں سے ایک ہی بات سن رہے ہیں کہ یہ سب سے بڑا مقابلہ ہے، یہ موضوع ہمیشہ بحث میں رہتا ہے کہ پاکستان نے آج تک ورلڈ کپ میں بھارت کیخلاف میچ نہیں جیتا اور اس بارے میں بحث ہوتی رہتی ہے کہ کیا وہ اس بار جیت سکتے ہیں ۔ جارحانہ اوپنر نے یہ بھی کہا کہ بھارتی ٹیم آئی سی سی کے بڑے ایونٹس میں پاکستانی کھلاڑیوں سے بہتر طریقے سے دباؤ سنبھال رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر میں 2011ء کے ورلڈ کپ یا 2003ء کے ورلڈ کپ کے بارے میں بات کروں تو ہم کم دباؤ میں ہیں کیونکہ ہماری پوزیشن ورلڈ کپ میں پاکستان سے بہتر ہے، پاکستان کی طرف سے ہمیشہ کچھ بڑے بیانات آتے ہیں جیسے کہ ایک پاکستانی اینکر نے اپنے شو کے آغاز میں کہا تھا کہ ہم تاریخ بدلنے والے ہیں۔ بھارت کبھی ایسی باتیں نہیں کہتا کیونکہ وہ بہتر تیاری کرتے ہیں اور جب آپ بہتر تیاری کریں تو آپ پہلے ہی جان چکے ہیں کہ نتیجہ کیا نکلے گا۔