ضلع کورنگی میں گٹکا مافیاز کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، مجموعی 97ملزمان گرفتار

10تھانوں کا بھر پور ایکشن، گٹکا مافیاز، ڈکیت، کرمنلز، منشیات فروش، موٹر سائیکل لفٹر گینگ، جواری سٹوری بھی گرفتار کر لیے

بدھ 20 اکتوبر 2021 17:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2021ء) ضلع کورنگی کے 10تھانوں کا مضر صحت گٹکا ماواء مافیاز کے خلاف بھر پور کریک ڈاؤن جبکہ کرمنلز کے خلاف ایکشن مجموعی 97ملزمان گرفتار، مضر صحت گٹکا ماوا کی بہت بڑی کھیپ ، گٹکا بنانے کا ساز و سامان، اسلحہ، منشیات، موٹر سائیکلیں اور پارٹس، داؤ پر لگی رقم ، آلات قمار بازی اور دیگر سامان برآمد۔

تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ضلع کورنگی شاہ جہان خان کے خصوصی ٹاسک پر ضلع کورنگی کے 10تھانوں لانڈھی، کورنگی، زمان ٹاؤن، عوامی کالونی، کورنگی صنعتی ایریا، الفلاح، شاہ فیصل کالونی، سعودآباد، ماڈل کالونی اور کھوکھراپار پولیس نے اپنے اپنے تھانوں کی حدود میں مضر صحت گٹکا ماوا بنانے ، سپلائی کرنے اور فروخت کرنے والے گٹکا ماوا مافیاز کے خلاف بھر پور کریک ڈاؤن کیا اور گٹکا ماوا مافیاز کے مجموعی 44ملزمان کو گرفتار کر کے مضر صحت گٹکا کی بہت بڑی کھیپ برآمد کی۔

(جاری ہے)

جس میں کئی من گٹکا ، ہزاروں پیکٹ گٹکا ماوا، بڑی تعداد میں گٹکا تیار کرنے کا سامان، چھالیہ، تمباکو اور دیگر ساز و سامان شامل ہے۔ جبکہ دیگر گرفتار شدگان میں موٹر سائیکل لفٹر گینگ ، منشیات مافیا، جواری سٹوری، ڈکیت و اسٹریٹ کرمنلز، چور اور دیگر ملزمان سے مجموعی 3کلو گرام سے زائد چرس، مسروقہ مال ، 8عدد ٹی ٹی پستول، 3موٹر سائیکلیں، کئی موٹر سائیکلوں کے پارٹس، موبائل فونز، داؤ پر لگی رقم ، آلات قمار بازی برآمد کر لیے۔

کاروائیوں میں کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے کاروائیوں میں ہیٹ ٹریک کر لی۔ اور مجموعی 20ملزمان گرفتار کیے۔ دیگر تھانوں میں زمان ٹاؤن نے 19ملزمان گرفتار کر کے دوسری اور عوامی کالونی نے 13ملزمان گرفتار کر کے تیسری پوزیشن لی۔ جبکہ لانڈھی تھانے نے 9، کورنگی نے 9، شاہ فیصل کالونی نے 8، الفلاح نے 8، کھوکھراپار نے 4، اور ماڈل کالونی نی4ملزمان گرفتار کیے۔ ایس ایس پی ضلع کورنگی شاہ جہان خان نے بہتر کارکردگی پر متعلقہ ایس ایچ اوز اور پولیس پارٹیز کو تعریفی سند اور نقد انعامات دینے کا اعلان کیا ہے۔