کورونا وائرس کیخلاف جنگ میں پاکستان اہم سنگ میل عبور کرنے میں کامیاب

ملک میں کورونا ویکسین کی 10 کروڑ خوراکیں لگا دی گئیں، 6 کروڑ 80 لاکھ سے زائد پاکستانیوں نے ویکسین کی خوراکیں لگوائیں

muhammad ali محمد علی ہفتہ 23 اکتوبر 2021 19:40

کورونا وائرس کیخلاف جنگ میں پاکستان اہم سنگ میل عبور کرنے میں کامیاب
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اکتوبر2021ء) کورونا وائرس کیخلاف جنگ میں پاکستان اہم سنگ میل عبور کرنے میں کامیاب، ملک میں کورونا ویکسین کی 10 کروڑ خوراکیں لگا دی گئیں، 6 کروڑ 80 لاکھ سے زائد پاکستانیوں نے ویکسین کی خوراکیں لگوائیں۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ آج مجھے خوشی ہے کہ دس کروڑ سے زیادہ ویکسینیشن مکمل کرلی گئی ہے۔

اپنے ایک ویڈیو پیغام میں اسد عمر نے کہا کہ 10 کروڑ سے زیادہ ویکسینیشن مکمل کرلی گئی ہے، دس کروڑ ویکسین چھ کروڑ اسی لاکھ سے زائد پاکستانیوں کو لگائی گئی ہے جس میں سے 3 کروڑ اسی لاکھ سے زیادہ مکمل طور پر ویکسین کراچکے ہیں اور 3 کروڑ کو کم سے کم ایک ویکسین کی خوراک لگی ہے۔

(جاری ہے)

یہ اچھی خبر ہے کہ ایک بڑی تعداد میں پاکستانیوں نے ویکسین کرائی ہے اور ویکسینیشن کا عمل ابھی بھی جاری ہے۔

لیکن ابھی مزید بہت کام باقی ہے، اگر ہم چاہتے ہیں کہ کورونا کی پانچویں لہر پاکستان میں نہ آئے تو اس کےلئے بہت ضروری ہے کہ ہم جلد سے جلد تمام لوگ اپنی ویکسینیشن کرائیں، خاص طور پر اس بات کا ضرور خیال رہے کہ جب آپ پہلی خوراک لگاتے ہیں یاایک سنگل ڈوز لگائی جاتی ہے تو اس سے آپ محدود محفوظ ہوجاتے ہیں اور اصل مکمل حفاظت کےلئے دوسری ڈوز لگوانا بہت ضروری ہے۔

وہ 3 کروڑ پاکستانی جنہوں نے ایک ڈوز لگوائی ہوئی ہے اور ابھی تک اپنی دوسری ڈوز کےلئے نہیں آئے تو ان سے خصوصی طور پر اپیل کرو ں گا کہ وہ جلد سے جلد دوسری ڈوز لگوا کر اپنی ویکسینیشن مکمل کرائیں۔ دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 552 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 15 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 842 مریض شفایاب ہو گئے، مثبت کیسز کی شرح 1 اعشاریہ 40 فیصد پر آ گئی۔

پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے اب تک 28 ہزار 359 مریض انتقال کر چکے ہیں ، اس موذی وائرس کے کل مریضوں کی تعداد 12 لاکھ 67 ہزار 945 ہو چکی ہے۔ملک بھر میں ہسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 24 ہزار 81 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 1 ہزار 648 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، 12 لاکھ 15 ہزار 505 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 39 ہزار 179 ٹیسٹ کیئے گئے، اب تک کل 2 کروڑ 4 لاکھ 44 ہزار 536 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔