کئی روز کی بندش کے بعد اورنج لائن ٹرین سروس بحال کر دی گئی

شہر میں میٹرو بس سروس بھی مکمل طور پر بحال ہو گئی، 4 سٹیشنوں پر مظاہرین کی توڑ پھوڑ کے باعث ٹرین سروس بند کر دی گئی تھی

muhammad ali محمد علی پیر 25 اکتوبر 2021 23:45

کئی روز کی بندش کے بعد اورنج لائن ٹرین سروس بحال کر دی گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 اکتوبر2021ء) کئی روز کی بندش کے بعد اورنج لائن ٹرین سروس بحال کر دی گئی، شہر میں میٹرو بس سروس بھی مکمل طور پر بحال ہو گئی، 4 سٹیشنوں پر مظاہرین کی توڑ پھوڑ کے باعث ٹرین سروس بند کر دی گئی تھی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور شہر کی تمام ماس ٹرانزٹ سروسز پیر کے روز مکمل طور پر بحال کر دی گئیں۔ 5 روز قبل ایک کالعدم تنظیم کے احتجاج کے باعث شاہدرہ سے گجومتہ تک چلنے والی میٹروبس سروس کا روٹ محدود کردیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

جسے گجومتہ سے ایم اے او کالج تک چلایا جاتا رہا جبکہ اورنج لائن ٹرین کے 4 سٹیشنوں پر مظاہرین کی توڑ پھوڑ کے باعث مذکورہ ٹرین بھی مکمل طور پر بند کردی گئی تھی، جو تین روز بعد پیر کے روز بحال کردی گئی ہے جبکہ 4 متاثرہ سٹیشنوں کو بھی آپریشنل کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اسپیڈو بس سروس بھی مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے  وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بتایا تھا کہ حکومت اور کالعدم تنظیم کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ معاہدے میں طے پایا کہ یہ لوگ منگل کی شام تک مرید کے میں ہی بیٹھیں گے ، مطالبات کا جائزہ لے کر منگل تک معاملہ حل کرلیا جائے گا۔