وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا تہران میں پاکستان ایمبیسی سکول کا دورہ، "وزٹرز بک" میں اپنے تاثرات قلمبند کئے

جمعرات 28 اکتوبر 2021 16:33

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا تہران میں پاکستان ایمبیسی سکول ..
تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اکتوبر2021ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جمعرات کو تہران میں پاکستان ایمبیسی سکول کا دورہ کیا۔ایمبیسی سکول پہنچنے پر ایران میں تعینات پاکستانی سفیر رحیم حیات قریشی اور سکول کے بورڈ آف گورنرز  نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔سکول کے بچوں نے وزیر خارجہ کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے اور خوش آمدید کہا۔

(جاری ہے)

سفیر رحیم حیات قریشی نے وزیر خارجہ کو سکول کے تاریخی پس منظر، انتظام و انصرام اور تعلیمی معیار کے حوالے سے مفصل بریفنگ دی۔وزیر خارجہ نے سکول کے مختلف سیکشنز میں جا کر زیر تعلیم بچوں سے گفتگو کی  ۔وزیر خارجہ نے سکول کے معیار تعلیم کو سراہتے ہوئے اسے مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور سکول میں موجود "وزٹرز بک" میں اپنے تاثرات قلمبند کئے۔واضح رہے کہ پاکستان ایمبیسی سکول اپنے اعلیٰ تعلیمی معیار کی وجہ سے تہران کی ڈپلومیٹک کمیونٹی میں بہت معروف ہے۔