ٹوبیکو کی ایک کمپنی کی جانب سے لاکھوں کلو گرام تمباکو نہ خریدنے کے خلاف احتجاج کے دوران پولیس نے کئی کاشتکاروں کو گرفتار کر لیا

پیر 8 نومبر 2021 21:37

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 نومبر2021ء) ضلع صوابی میں ٹوبیکو کی ایک کمپنی کی جانب سے لاکھوں کلو گرام تمباکو نہ خریدنے کے خلاف احتجاج کے دوران پولیس نے سابق رکن ضلع کونسل صوابی عنایت علی شاہ باچا اور ضلعی صدر کاشتکاران عارف خان سمیت کئی کاشتکاروں کو گرفتار کر لیا۔ بتایا گیا ہے کہ پیر کے روز کاشتکار کوارڈنیشن کونسل کے اعلان کے مطابق علاقہ یار حسین کے گائوں ترخہ میں کاشتکاران تمباکو اور زمیندار مظاہرہ کر رہے تھے مظاہرین کا کہنا تھا کہ ان کے پاس جو لاکھوں کلو گرام تمباکو پڑی ہے ٹوبیکو کمپنیوں نے خریدنے کا وعدہ کیا تھا مگر ایک ٹوبیکو کمپنی نے کم مقدار میں تمباکو خریدنے کے بعد اب پرچیز سنٹر کو بند کر دیا جس کی وجہ سے کاشتکاروں کے پاس کروڑوں روپے مالیت کی لاکھوں کلو گرام تمباکو گوداموں میں پڑی ہیں جس کے خراب ہونے کا اندیشہ ہے احتجاج کے دوران بھاری نفری پولیس موجود تھی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پولیس نے عنایت علی شاہ باچا اور عارف خان سمیت کئی کاشتکاروں کو گرفتار کر لیا۔اس سے قبل بھی تھانہ یار حسین اور تھانہ چھوٹا لاہور میں ان رہنمائوں سمیت دیگر کاشتکاروں کے خلاف احتجاجی مظاہروں کی پاداش میں ایف آئی آر درج ہوئے تھے اس موقع پر سید عنایت علی شاہ باچا اور دیگر نے واضح کر دیا کہ زمینداروں کاشتکاروں کے مطالبات حل نہ ہونے تک احتجاجی تحریک جاری رہے گی۔