وزیر اعلی خیبر پختونخوا کا پولیس اہلکاروں پر نامعلوم فراد کی فائرنگ واقعات کی مذمت

خیبر پختونخوا پولیس نے فرائض کی ادائیگی میں قربانیوں کی لازوال تاریخ رقم کی ہے،محمودخان

پیر 22 نومبر 2021 23:41

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2021ء) وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے پشاور کے علاقہ خزانہ اور جنوبی وزیرستان کے علاقہ میرانشاہ میں پولیس اہلکاروں پر نامعلوم فراد کی فائرنگ کے الگ الگ واقعات کی مذمت کرتے ہوئے ان واقعات میں دو پولیس اہلکاروں کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی نے شہید اہلکاروں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہدائ کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت ان شہداء کے لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ وزیر اعلی نے پولیس کو ان واقعات میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کرنے کے لئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور صوبے میں امن و امان کے لئے پولیس کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے فرائض کی ادائیگی میں قربانیوں کی لازوال تاریخ رقم کی ہے، صوبائی حکومت اور صوبے کے عوام پولیس فورس کی ان قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔