محکمہ زراعت کا کاشتکاروں کو گندم کی کاشت جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی

بدھ 24 نومبر 2021 14:03

محکمہ زراعت  کا  کاشتکاروں کو گندم کی کاشت جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت ..
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 نومبر2021ء) محکمہ زراعت نے گندم کے کاشتکاروں کو گندم کی کاشت جلد از جلد مکمل کرنے اور 15دسمبر تک کاشت کی صورت میں شرح بیج60کلوگرام فی ایکڑ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ ماہرین نے کہا کہ گندم کی کاشت میں جتنی تاخیر ہو گی پیداوار میں بھی ہر روز کے حساب سے اتنی ہی کمی واقع ہوتی جائے گی جس سے جہاں کاشتکاروں کو مالی نقصان کاسامنا کرناپڑسکتاہے وہیں گندم کے پیداواری اہداف بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔

ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آباد کے مطابق کاشتکار گندم کی فصل میں جڑی بوٹیوں کی تلفی پر خصوصی توجہ دیں اور پہلے پانی کے بعد وتر آنے پر دوہری بار ہیرو چلائیں نیز جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے جڑی بوٹی ما ر زہروں کا استعمال بھی کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ چوڑے اور نوکیلے پتوں والی جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے سفارش کردہ جڑی بوٹی مار زہر کا استعمال انتہائی مفید ثابت ہواہے۔

انہوں نے مزیدبتایا کہ جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے سفارش کردہ زہر کا درست مقدار میں بروقت استعمال ضروری ہے جبکہ اس سلسلہ میں محکمہ زراعت کے مقامی عملے سے رہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے۔انہوں نے گندم کی آبپاشی کے بارے میں بتایاکہ کپاس، مکئی اور کماد کے بعد کاشت کی جانے والی گندم کو پہلا پانی بوائی کے 20سے25دن بعد اور دھان کے بعد کاشتہ گندم کو پہلا پانی بوائی کے 30سے 40دن بعد لگانا ضروری ہے۔

متعلقہ عنوان :