پھلوں اور سبزیوں کو محفوظ کرنے کے کیمیکل صحت کے لئے انتہائی مضر ہیں، ماہرین غذائیت

جمعرات 25 نومبر 2021 12:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 نومبر2021ء) ماہرین صحت نے نے خبردار کیا ہے کہ پھلوں اور سبزیوں کو محفوظ کرنے کے لئے استعمال کئے جانیوالے کیمیکل صحت کے لئے انتہائی مضر ہیں۔ ماہرین صحت کے مطابق پھلوں اور سبزیوں کے لئے محفوظ اور تازہ رکھنے کے لئے عمومی طورپر جو کیمیکل استعمال کئے جاتے ہیں اس میں کیلشیم ، کاربائیڈ ، آر سینک اور فاسفورس وغیرہ شامل ہیں۔

دنیا کے کئی ممالک میں ان مذکورہ کیمیکلز کے استعمال پر پابندی عائد ہے تاہم یہاں پر پھلوں اور سبزیوں میں استعمال عام ہے جو کہ انتہائی مضر ہے۔ ماہر غذائیت ڈاکٹر احسن اکرم نے اے پی پی کو بتایاکہ یہ کیمیکل پھلوں اور سبزیوں کو محفوظ کرنے کے لئے استعمال کئے جاتے ہیں تاہم اس کے مضر اثرات صحت پر پڑتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پھلد ار درختوں آم ، کیلا ، سیب سمیت دیگر کی نشو و نما کے لئے بھی مختلف قسم کے ہارمونز اور سلفر کا ستعمال کیا جاتا ہے جو کہ انسانی زندگی کے لئے خطرناک  ہیں۔

ایک مقامی ہسپتال کی فزیشن ڈاکٹر تسنیم اختر نے بتایاکہ ان کیمیکلز کے نتیجے میں کینسر ، گردوں اور معدے کی بیماریاں لاحق ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ متعلقہ حکام کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان کیمیکلزکے استعمال  کی روک تھام کے لئے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہاکہ مارکیٹ میں دستیاب دودھ، دہی اور دیگر اشیائے خوردونوش بھی خالص نہیں جبکہ اب پھلوں اور سبزیوں میں کیمیکلز کا استعمال بڑھنے لگا ہے۔ ایک خاتون ثمینہ چوہدری نے کہاکہ عوام کس پر اعتماد کریں  جب اشیائے خوردونوش میں ملاوٹ ہو تو پھر کیا کھایا جائے ۔ شہریوں نے متعلقہ اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ کیمیکلز کے استعمال کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کریں۔

متعلقہ عنوان :