خواتین پر تشدد کے خلاف مختلف ممالک میں ہزاروں افراد کا احتجاج

خواتین پر تشدد عالمی سطح پر بہت بڑا مسئلہ ہے،یہ ہمارے جسموں، زندگیوں ، فیصلوں کیخلاف پدرشاہی تشدد کو ختم کرنے کاوقت ہے، بہت سے افراد خواتین کے استحصال سے تنگ آچکے ہیں، خاتون اداکارہ

ہفتہ 27 نومبر 2021 16:12

خواتین پر تشدد کے خلاف مختلف ممالک میں ہزاروں افراد کا احتجاج
میکسیکو سٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 نومبر2021ء) یورپ اور لاطینی امریکہ میں ہزاروں مظاہرین نے خواتین کیخلاف تشدد کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ ترکی میں پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس فائر کی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر ہزاروں افراد نے میکسکو، میڈرڈ، پیرس لندن اور بارسلونا میں ریلیاں نکالیں۔

اس کے علاوہ چلی، وینزویلا، بولیویا، یوراگوئے اور گوئٹے مالا میں بھی مظاہرین اکٹھے ہوئے۔میکسیکو جہاں یومیہ 10 خواتین قتل کردی جاتی ہیں، وہاں مظاہرین کے ایک بینر پر تحریر تھا کہ ’وہ مرتی نہیں، یہ انہیں مارتے ہیں‘۔ امریکا کے ریجنل کمیشن کے مطابق لاطینی امریکا اور کیریئین خطے میں سال 2020 کے دوران کم از کم 4 ہزار 91 خواتین قتل ہوئیں۔

(جاری ہے)

میکسیکو سٹی میں اس وقت کشیدگی پھیل گئی جب ہتھوڑے لے کر چلنے والے مظاہرین کی ایک چھوٹی سی تعداد نے پولیس اہلکاروں سے شیلڈ چھیننے کی کوشش کی، جنہوں نے انہیں دھویں کے بم سے پسپا کر دیا۔استنبول میں بھی حالات اس وقت خراب ہوگئے جب انسداد فسادات پولیس نے سینکڑوں مظاہرین پر آنسو گیس فائر کی جو حکومت پر خواتین کے تحفظ کے بین الاقوامی معاہدے میں دوبارہ شمولیت کیلئے زور دے رہے تھے۔

سپین جہاں حکومت نے گھریلو تشدد کے خلاف لڑائی کو قومی ترجیح بنا لیا ہے وہاں بھی میڈرڈ اور بارسلونا کی سڑکوں پر ہزاروں افراد جامنی جھنڈے لے کر نکلے اس کے علاوہ بھی دیگر شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں۔مظاہرے میں شریک ایک خاتون اداکار کا کہنا تھا کہ ’عالمی سطح پر یہ اب بھی ایک بہت بڑا مسئلہ ہے‘۔انہوں نے کہا کہ ’ہمارے جسموں، زندگیوں اور فیصلوں کے خلاف پدرشاہی تشدد کو ختم کرنے کا انتہائی اہم وقت ہے، بہت سے افراد خواتین کے استحصال سے تنگ آچکے ہیں۔