صلاح الدین ایوبی ہمارے ہیرو نہیں ہیں، ترکوں نے ہم پر حملہ کیا

اداکارہ عفت عمر نے پاکستان اور ترکی کے مشترکہ تعاون سے صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر بننے والے ڈرامے کی مخالفت کر دی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 27 نومبر 2021 21:34

صلاح الدین ایوبی ہمارے ہیرو نہیں ہیں، ترکوں نے ہم پر حملہ کیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 نومبر2021ء) اداکارہ عفت عمر نے پاکستان اور ترکی کے مشترکہ تعاون سے صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر بننے والے ڈرامے کی مخالفت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق ملک کی معروف ماڈل و اداکارہ عفت عمر نے اپنے ایک انٹرویو میں پاکستان اور ترکی کے اشتراک سے عظیم اسلامی ہیرو صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر بننے والے ڈرامے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ترکوں نے ہم پر حملہ کیا، ہمیں افسانوی کرداروں کی ضرورت نہیں، ہمیں سائنسدانوں کی کہانیوں کی ضرورت ہے، پاکستان میں ایک بھی سائنسدان نہیں جو پوری دنیا میں مشہور ہو۔

انہوں نے کہا کہ صلاح الدین ایوبی ہمارے ہیرو نہیں ہیں، جب سے ہمارا ملک بنا ہے پاکستانیوں میں اس بات کا رجحان پایا جاتا ہے، ہم اپنے آپ کو برتر سمجھتے ہیں، ہماری تاریخ برصغیر کی ہے، ہمیں اس کی توثیق کرنے کی ضرورت ہے، ہماری تاریخ ترکی کی نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں امن، تعلیم اور سائنس کی ضرورت ہے، اگلے 30 سالوں میں ٹیکنالوجی تمام چیزوں پر حاوی ہو جائے گی۔

واضح رہے کہ رواں سال اگست میں پاکستان اور ترکی کے درمیان فاتح فلسطین صلاح الدین ایوبی پر مشترکہ ڈرامہ سیریل تیار کرنے کا معاہدہ ہوا تھا۔ اکلی فلمز اور انصاری اینڈ شاہ فلمز کے درمیان سلطان صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر فلم بنانے کا معاہدہ ہوا ۔ ترکی اور پاکستانی اداکاروں پر مشتمل اس نئی سیریز کی شوٹنگ ترکی میں کی جائے گی جس کے تین سیزن ہوں گے۔

واضح رہے کہ سلطان صلاح الدین ایوبی ایوبی سلطنت کے بانی تھے اور وہ نہ صرف تاریخ اسلام بلکہ تاریخ عالم کے مشہور ترین فاتحین حکمرانوں میں سے ایک تھے۔صلاح الدین ایوبی نے 1187 میں یورپ کی متحدہ افواج کو عبرتناک شکست دے کر بیت المقدس کو آزاد کروایا تھا۔یروشلم کی فتح کے موقع پر سلطان صلاح الدین ایوبی نے ہر اس اندازے کو غلط ثابت کیا جو شاید ماضی میں اس شہر میں ہونے والے واقعات کی بنیاد پر قائم کیے گئے تھے اور یہی وجہ ہے کہ اسی یورپ میں جہاں انھیں اپنے زمانے میں بُرا بھلا کہا گیا تھا، وہاں 20 ویں اور 21 ویں صدی میں ہیرو کا درجہ بھی دیا گیا۔