سال بعد رہا ہونے والے بے گناہ شخص کیلئے 9 لاکھ ڈالر جمع

بے گناہی کے باوجود 43 سال تک جیل میں قید کی رہنے والے کیون اسٹرک لینڈ کو رہا کردیا گیا یہ میسوری ریاست کی تاریخ میں غلطی سے قید کا سب سے طویل ترین دورانیہ بھی ہے‘امریکی جج

اتوار 28 نومبر 2021 11:20

میسوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2021ء) امریکی جیل میں 43 سال سے قید بے گناہ شخص کی رہائی کے بعد عوام نے ہمدردی کے طور پر اس کے نام سے ایک مہم چلائی جس میں اب تک نو لاکھ ڈالر کی رقم جمع ہوچکی ہے جو 17 کروڑ پاکستانی روپوں کے برابر ہے۔کے وِن اسٹرک لینڈ کی عمر اس وقت 62 برس ہے اور اسے میسوری کے شہر کیمرون میں واقع ایک جیل میں رکھا گیا تھا۔

1979 میں اس پر تین افراد کے قتل کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ اس کے پاداش میں 50 سال قید کی سزا سنائی گئی۔ لیکن اس پورے عرصے میں کے وِن نے بار بار کہا کہ وہ بے قصور ہیں اور اعترافِ جرم نہ کیا۔دودن قبل امریکی جج نے اس پر لگے تمام الزامات رد کرکے اسے باعزت بری کردیا اور کہا کہ میسوری ریاست کی تاریخ میں غلطی سے قید کا سب سے طویل ترین دورانیہ بھی ہے۔

(جاری ہے)

اس کے بعد ایک تنظیم نے انٹرنیٹ چندے کی ویب سائٹ ’گوفنڈمی’ اس کے لیے عطیات کی درخواست کی اور اب تک نولاکھ ڈالر سے زائد کی رقم جمع ہوچکی ہے۔چندہ دینے والوں نے کیون سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور بہتر زندگی کے لیے نیک خواہشات کی دعا کی ہے۔ صرف دوروز تک 8 لاکھ ڈالر جمع ہوچکے تھے جبکہ ہدف ساڑھے سات لاکھ ڈالر کا تھا۔ عجیب بات یہ ہے کہ جیل انتظامیہ کی جانب سے ابھی تک ان کی کوئی مالی مدد نہیں کی گئی ہے۔

لوگوں نے دل کھول کر عطیات جمع کرائے اور ایک شخص نے نام نہ ظاہر کرتے ہوئے آٹھ ہزار ڈالر کی رقم جمع کرائی!واشنگٹن ڈی سی سمیت 36 امریکی ریاستوں میں غلطی سے سزا پانے والوں کو ہرجانہ دینے کا قانون ہے۔ اس کے تحت ایک سال قید کے لیے کم ازکم 50 ہزارڈالر اور دیگر رقم بھی شامل ہے۔رہا ہونے کے بعد کیون نے کہا کہ وہ اپنی ماں کی قبر پر جائیں گے جو دورانِ قید انتقال کرگئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ قبر پر وہ آنسو بہاکر اپنی والدہ کو بے گناہی کا ثبوت دیں گے۔